کراچی:100سے زائد بچوں کیساتھ بدفعلی کا ملزم گرفتار
کراچی(سٹاف رپورٹر، این این آئی)شہر قائد میں بچوں کے ساتھ بدفعلی کے ایک ہولناک اور طویل عرصے سے جاری کیس میں پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کر لی، انویسٹی گیشن ایسٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پربیسیوں بچوں سے بدفعلی میں ملوث خطرناک سیریل ریپسٹ کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بچوں کی تعداد 100 سے زائد ہوسکتی ہے ۔ بچوں سے بدفعلی میں ملوث مرکزی ملزم عمران اور اس کے ساتھی وقاص خان کو ٹیپو سلطان کے علاقے سے گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع اور ایک متاثرہ بچے کی نشاندہی پر کارروائی کی گئی، جو کامیاب ثابت ہوئی۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ زون ون عثمان خان سدوزئی کے مطابق 2020 سے 2025 کے دوران بچوں سے بدفعلی کے 7 مختلف مقدمات کراچی کے مختلف اضلاع میں درج کیے گئے تھے جبکہ ملزموں کے خلاف مجموعی طور پر 9 کیسز درج کیے جا چکے ہیں۔ 7 کیسز کی فارنزک ڈی این اے رپورٹس کے مطابق مقدمات میں ایک ہی شخص کا ڈی این اے میچ ہوا، جس سے ملزم کے سیریل ریپسٹ ہونے کی تصدیق ہوئی۔پولیس کے مطابق ملزم ہر ہفتہ اور اتوار کی شام 6 بجے سے رات 12 بجے کے درمیان بچوں کو بہلا پھسلا کر ساتھ لے جاتا اور ملیر ندی کے اطراف بدفعلی کا نشانہ بناتا۔
بچوں کو سائیکل ، پیسے دینے اور سیر کرانے کا لالچ دیا جاتا تھا۔ تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ ایک مقدمے میں 2 سے زائد افراد ملوث تھے ۔ پولیس کے مطابق ملزم عمران منظور کالونی کا رہائشی اور اسی علاقے میں پنکچر کا ٹھیہ لگاتا ہے جبکہ وہ شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ ہے ۔ ادھر ملزم عمران کو محمود آباد پولیس نے عدالت میں پیش کیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملزم کی گرفتاری پر پولیس کو شاباش دیتے ہوئے ایک بیان میں کہاکہ چائلڈ ابیوز کے کیسز کسی صورت برداشت نہیں کروں گا، بچوں سے زیادتی کرنے والے ملزم کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے ، ابھی تک صرف 7 متاثرین سامنے آئے ہیں، پولیس باقی متاثرین کو تلاش کرے ۔انہوں نے کہا سندھ حکومت کے لیے بچوں سے زیادتی ناقابل قبول ہے ، پولیس ملزموں کو سزا دلوانے کے لیے بھرپور اقدامات کرے ، شہر میں کسی درندے کے لیے کوئی جگہ نہیں۔