گل پلازہ آتشزدگی: متعدد افراد تاحال لاپتہ، اہلِ خانہ سخت پریشان

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں ایم اے جناح روڈ پر گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے بعد متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں جس کے باعث ان کے اہلِ خانہ سخت پریشان ہیں۔

لاپتہ افراد کے اہلخانہ مختلف ہسپتالوں میں اپنے پیاروں کی تلاش میں مصروف ہیں، ان افراد کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اپنے پیاروں سے رات تک رابطہ تھا، اب فون بند ہیں۔

ایک بزرگ شہری نے بتایا کہ پلازے میں میرے 2 بیٹے اور ایک بھتیجا کام کرتے ہیں، ان سے تاحال رابطہ نہیں ہو رہا۔

دوسری جانب سول ہسپتال کے برن سینٹر کے باہر متاثرہ افراد کے اہلخانہ کی بڑی تعداد موجود ہے، خدشہ ہے کہ کئی افراد اب بھی عمارت کے اندر موجود ہوں۔

یاد رہے کہ گزشتہ رات شہر قائد میں ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگی آگ پر تاحال قابو نہ پایا جا سکا ہے، آگ لگنے سے فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے، کئی افراد پلازے میں پھنسے ہوئے ہیں، عمارت کے تین حصے زمین بوس ہو چکے ہیں، سندھ رینجرز اور پاک بحریہ سمیت تمام متعلقہ ادارے ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

متاثرہ تاجروں اور شہریوں نے آگ پر قابو پانے میں تاخیر پر غم وغصے کا اظہار کیا اور فائر بریگیڈ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں