کراچی: ایم اے جناح روڈ پر گل پلازہ میں خوفناک آتشزدگی، 3 افراد جاں بحق، 20 زخمی

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آگ لگنے سے 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ کئی افراد پلازے میں پھنسے ہوئے ہیں۔

 ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی اموات دم گھٹنے سے ہوئی جن کی شناخت عامر، آصف اور فراز کے ناموں سے ہوئی ہے، آگ لگنے کے باعث زخمی اور بے ہوش ہونے والوں کی تعداد 20 ہوگئی جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

 فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ آگ کی شدت میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے، آگ نے مزید کئی دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا، 20 سے زائد گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ اسنارکل کی مدد سے لوگوں کو پلازے سے باہر نکالا جا رہا ہے۔

فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے واٹر کارپوریشن سے فوری مدد طلب کرلی، جس کے بعد نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق عمارت میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، شاپنگ پلازہ میں کئی افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے، آگ شاپنگ پلازہ کے میزنائن فلور پر لگی ہے، شاپنگ پلازہ گراؤنڈ، میزنائن پلس 2 فلور پر مشتمل ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گل پلازہ میں تقریباً چھوٹی بڑی 3 ہزار دکانیں موجود ہیں، پلازے میں سوٹ کیس، کراکری، ڈیکوریشن اور الیکٹرانکس کی دکانیں ہیں، آگ سے گل پلازہ کی متعدد دکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

سندھ رینجرز کے جوان بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں، ترجمان رینجرز کے مطابق امدادی آپریشن مکمل ہونے تک رینجرز کے افسران اور جوان جائے وقوعہ پر موجود رہیں گے، فائر ٹینڈرز کے ساتھ ساتھ رینجرز کے جوان پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے اور قیمتی سامان کی حفاظت کو یقینی بنانے میں مصروف ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ عمارت کے گرد ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے بھی رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی، انسانی جانوں کا تحفظ اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنا اولین ترجیح ہے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے آتشزدگی کا نوٹس لے لیا
وزیر داخلہ سندھ نے گل پلازہ میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ عمارت میں لگی آگ کو پھیلنے سے روکا جائے، اور آگ لگنے کی وجوہات کا پتا لگایا جائے، انہوں نے شہریوں کے فوری انخلاء کیلئے متبادل روٹس لگانے کی بھی ہدایت کی۔

مشکل وقت میں لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں، میئر کراچی
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گل پلازہ میں آتشزدگی کے باعث جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں غمزدہ لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں، انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کے تمام محکموں کو الرٹ رہنے اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں