صدر، وزیراعظم کا پلازہ آتشزدگی پر اظہارِ افسوس، متاثرین کی ہر ممکن امداد کا حکم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کی ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین کو ہرممکن امداد فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

 صدرمملکت آصف علی زرداری نے آتشزدگی کے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت اور لواحقین سےدلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت اورمتعلقہ ادارے متاثرہ افراد اور تاجروں کو فوری اور ہرممکن امداد فراہم کریں، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے زخمی افراد کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیز کرنے کا حکم دیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

وزیراعظم نے متاثرہ تاجروں اور دیگر افراد کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ریسکیو آپریشن میں تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کام کریں، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں حکومت برابر کی شریک ہے۔

وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔

دوسری جانب سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے گل پلازہ آتشزدگی کا واقعہ بہت افسوسناک ہے، جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ حکومتی مشینری رات گئے سے موجود ہے، آگ بجھانے کی کوشش کر رہی ہے، پانی اور فوم کا کوئی مسئلہ نہیں تھا، متعلقہ اداروں کی کوتاہی نظر آئی تو کارروائی کی جائے گی، فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ آنے کے بعد کسی نتیجے پر پہنچیں گے، فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کے بعد ذمہ داروں کو قیمت ادا کرنا پڑے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں