شمالی کوریا الیکشن، کم جونگ کی جماعت 99.93 فیصد ووٹ لے کر کامیاب قرار
پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا میں انتخابی عمل مکمل ہوگیا جس میں حکمران جماعت نے 99.93 فیصد ووٹ لے کر یک طرفہ طور پر بڑی کامیابی حاصل کر لی۔
شمالی کوریا کی حکومت کے سرکاری اعلامیے کے مطابق ملک کی حکمراں جماعت اور اس کے اتحادیوں نے تقریباً تمام ہی نشستیں اپنے نام کر لیں، مجموعی طور پر ووٹوں کی شرح ننانوے فیصد سے بھی زائد رہی جبکہ پارلیمان کے تمام ارکان بلا مقابلہ یا محدود مقابلے کے ذریعے منتخب قرار پائے۔
انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ بھی غیر معمولی حد تک زیادہ ظاہر کیا گیا، جسے سرکاری ذرائع قومی اتحاد اور عوامی حمایت کی علامت قرار دیتے ہیں، تاہم بین الاقوامی مبصرین اور ماہرین اس قسم کے اعداد و شمار کو روایتی جمہوری معیار سے ہٹ کر دیکھتے ہیں۔
اس سارے عمل میں دلچسپ پہلو یہ بھی سامنے آیا کہ معمولی تعداد میں ووٹ مخالف امیدواروں کے خلاف ڈالے جانے کا ذکر کیا گیا جسے بعض تجزیہ کار انتخابی عمل کو بظاہر متنوع دکھانے کی کوشش قرار دیتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نئی منتخب ہونے والی سپریم پیپلز اسمبلی کا اجلاس 22 مارچ کو طلب کیا گیا ہے جہاں اہم آئینی اور پالیسی معاملات زیر غور آئیں گے۔