پاک ، ایران وزرا خارجہ میں رابطہ خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس رابطے میں دونوں رہنماؤں نے ایران اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے خطے میں امن و استحکام کے لیے عباس عراقچی سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر دوطرفہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی نائب صدرکایا کیلس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس دوران باہمی و عالمی امور کے حوالے سے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ایران سمیت حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال زیر بحث آئی۔ اسحاق ڈار نے مسلسل مذاکرات اور روابط کی اہمیت کو اجاگر کیا۔