کراچی :عمارتوں میں آتشزدگی واقعات حکومتی نااہلی :حافظ نعیم

 کراچی :عمارتوں میں آتشزدگی واقعات حکومتی نااہلی :حافظ نعیم

وفاقی و صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کی فوری امداد کرے :امیر جماعت اسلامی متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑینگے ، آتشزدگی واقعہ پردکھ، تعزیت کا اظہار

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے گل پلازہ میں آتشزدگی اورقیمتی جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے  کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں آئے روز آتشزدگی کے واقعات شہری اور صوبائی حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔بڑے پلازوں اور عمارتوں کی تعمیر میں حفاظتی اقدامات کو یقینی نہیں بنایا جاتا جس کی وجہ سے شہریوں کو نہ صرف جانی نقصان اٹھانا پڑتا ہے بلکہ دکانداروں اور تاجروں کو عمر بھر کی کمائی سے بھی ہاتھ دھونا پڑتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے آتشزدگی کے واقعہ میں فائر فائٹرز اور دوسرے شہدا کے غمزدہ خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ جاں بحق و زخمیوں کے خاندانوں کی فوری امداد کی جائے اور مالی نقصان کا بھی ازالہ کیا جائے ۔امیر جماعت اسلامی نے الخدمت فاؤنڈیشن کو ریلیف کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں جماعت اسلامی متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں