سندھ میں صحت سہولت پروگرام کیلئے 48ارب کا پی سی ون منظور
صوبائی حکومت کا شامل ہونے سے ا نکار ،اخراجات وفاقی بجٹ سے پورے ہونگے
اسلام آباد (ایس ایم زمان ) وفاقی وزارت قومی صحت نے سندھ کے دس اضلاع کو صحت سہولت پروگرام میں شامل کرنے کیلئے 48 ارب روپے کا پی سی ون تیار کیا ہے ، پی سی ون دو مالی سال 2027 - 2026 تا۔ 2028 - 2027 کے لئے تیار کیا گیا ہے ۔جن اضلاع میں یہ پروگرام شروع ہو گا ان میں کراچی کے تمام اضلاع کے علاوہ سندھ کے اضلاع حیدرآباد، سانگھڑ، نوشیروفیروز، میر پور خاص، قمبر ، عمر کوٹ، کشمور ، ٹنڈوالہ یار اور مٹیاری شامل ہیں ۔ سندھ حکومت نے پروگرام میں شامل ہونے اور دیگر صوبوں کی طرز پر بجٹ میں شیئر دینے سے انکار کیا ہے جس کے بعد وزارت قومی صحت نے مکمل اخراجات وفاقی بجٹ سے برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزارت قومی صحت بجٹ کی منظوری کے لیے سمری وزیراعظم کو بھجوا ئے گی جس کے بعد منصوبہ کی ایکنک سے بھی منظوری لی جائے گی۔