ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف کی تقرری رواں ہفتے متوقع

 ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف کی تقرری رواں ہفتے متوقع

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے بعد سینیٹ میں نوٹیفکیشن جاری ہوگا قائد حزب اختلاف تقرری کے بعد پی ٹی آئی کمیٹیوں کے استعفے واپس کرسکتی ہے

 اسلام آباد (سید قیصر شاہ)ایوانِ بالا میں قائدِ حزبِ اختلاف کی تقرری رواں ہفتے عمل میں لائے جانے کا امکان ہے ۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے بعد اب سینیٹ میں بھی تقرری کا عمل مکمل کر کے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔قومی اسمبلی اور ایوانِ بالا میں قائدِ حزبِ اختلاف کی تقرری مکمل ہونے کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ سے دیئے گئے استعفوں کی واپسی ایک اہم پیش رفت ہوگی۔ اس حوالے سے دیکھنا یہ ہے کہ پی ٹی آئی کب عملی قدم اٹھاتی ہے ۔ایوانِ بالا میں پی ٹی آئی نے قائدِ حزبِ اختلاف کی تقرری کے لیے اپوزیشن کے ساتھ ہر اجلاس میں یہ معاملہ اٹھایا اور تقرری کا مطالبہ کیا۔ اس دوران احتجاج اور اجلاسوں کے بائیکاٹ بھی کیے گئے ۔ پی ٹی آئی نے اس عہدے کے لیے مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کو نامزد کیا تھا۔گزشتہ کئی ماہ سے سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف کی تقرری زیرِ بحث رہی ہے ۔ رواں سیشن میں مختلف قانون سازی سمیت دیگر اہم قومی معاملات پر غور کیا جائے گا۔ اس تناظر میں ایوان کی کارروائی کے بار بار بائیکاٹ، کورم کی نشاندہی اور اجلاس ملتوی کرانے کے سلسلے کو ختم کرنا ضروری قرار دیا جا رہا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں