بدستور دھند، ٹریفک حادثات میں 9 افراد جاں بحق، 25 زخمی، موٹرویز پھر بند

بدستور دھند، ٹریفک حادثات میں 9 افراد جاں بحق، 25 زخمی، موٹرویز پھر بند

پسرور میں سریے کا ٹرالر الٹنے سے 3 مزدور ،ننکانہ میں طالبعلم سمیت 3 ، خضدار میں بھی 3شہری دم توڑ گئے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا ،23 جنوری تک پنجاب میں بارشوں کا امکان،پی ڈی ایم اے کا الرٹ

 لاہور،راولپنڈی ، سیالکوٹ ،ننکانہ صاحب، موڑکھنڈا،کوئٹہ(نیوز رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں، نمائندگان دنیا)پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں درمیانی دھند چھائی رہی،اس دوران ٹریفک حادثات میں 9افراد جاں بحق، 25زخمی ہو گئے ،دوسری طرف ایک بار پھر موٹروے کو مختلف مقامات پر بند کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ روز بھی موسم سرد اور خشک رہا، پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہا تاہم بالائی خیبر پختونحوا میں چند مقامات پر ہلکی بارش/ہلکی برف باری ہوئی ۔ سب سے زیادہ بارش خیبر پختونحوا میں کالام 7،پٹن اورمالم جبہ میں 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی،اس دوران کالام میں 3اعشاریہ 5 اورمالم جبہ میں 2 انچ برف باری بھی ہوئی۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پرہلکی بارش /برف باری ہو سکتی ہے۔

ادھر گزشتہ روز سیالکوٹ کی تحصیل پسرور میں ڈسکہ روڈ پر موسیٰ پور سٹاپ کے قریب سریے سے لدا ٹریکٹر ٹرالہ الٹ گیا جس کے باعث ٹریکٹر ٹرالہ کے اوپر لیٹے ہوئے 3 مزدور جاں بحق ہوگئے ۔ اسی طرح ننکانہ صاحب میں بچیکی روڈ پر ٹھٹھہ عیسیٰ سٹاپ کے قریب ننکانہ صاحب سے ساہیوال جانے والی مسافر بس مخالف سمت سے آنیوالے سکول کے کیری ڈبہ سے ٹکرا گئی ،اسی دوران ایک رکشہ بھی کیری ڈبہ سے آ ٹکرایا اور وکلا کی پانچ گاڑیاں بھی حادثے کی زد میں آ گئیں جس کے نتیجہ میں کیری ڈبہ کا ڈرائیور 35 سالہ علی اصغر اور 15 سالہ طالبعلم تراب علی جاں بحق جبکہ 16 سالہ علی عمران، 18 سالہ زمان، 14 سالہ غلام فرید، 18 سالہ عامر، 16 سالہ عدیل، 12 سالہ ساون، 16 سالہ محمد فیضان اور 14 سالہ ایونیر زخمی ہو گئے ۔

علاوہ ازیں مانگٹانوالہ روڈ پر کھیاڑے کلاں کے قریب دو موٹر سائیکلیں ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجہ میں 50 سالہ عبدالرزاق موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ 46 سالہ نواز اور 22 سالہ احمد شدید زخمی ہو گئے ۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے ضلع خضدارکے علاقے وڈھ میں مسافر کوچ موٹرسائیکل کو بچاتے ہوئے سامنے سے آنے والی کار سے ٹکراگئی جسکے نتیجے میں 3افراد جاں بحق ، 15مسافر زخمی ہوگئے ۔ ادھر ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹروے ایم 2 لاہور سے ہرن مینار ، ایم 3 فیض پور سے جڑانوالہ ، ایم 4 خانیوال سے ملتان جبکہ سیالکوٹ موٹروے ایم 11 پر ٹریفک کا داخلہ بند کر دیا گیا ۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی کے مطابق 23 جنوری تک لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بار ش ،مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری اور بارش کی توقع ہے ۔ پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں