بچے اغواکیس:پولیس افسران کوجرمانے کاسنگل بینچ کافیصلہ معطل ،تحریری حکم جاری
اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے لاہور اور بہاولپور سے بچوں کے مبینہ اغوا اورسابق سی ای او پی آئی اے مشرف رسول کے ساتھ لین دین تنازعہ میں پولیس افسران پر جرمانہ کا سنگل بینچ فیصلہ معطل کردیا۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کا حکمنامہ جاری کردیا،جس میں کہاگیا کہ تھانہ ترنول میں 20 ستمبر2025 کو ایف آئی آر نمبر658 درج کی گئی،وکیل نے کہا تفتیشی رپورٹ جمع ہوجانے اور مقدمہ ٹرائل میں ہو تو ایف آئی آر کالعدم قرار نہیں دی جاسکتی،وکیل کے مطابق فیصلہ سناتے وقت پولیس افسران کو سننے کا موقع نہیں دیاگیا، سزا ہونا یا نہ ہونا یہ فیصلہ کرنا ٹرائل کورٹ کا حق ہے ،سنگل بینچ نے سب انسپکٹر امیر حیا، اے ایس آئی محمود امجد اور ایس ایچ او کو ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا،وکیل کے مطابق جرمانہ بلاجواز کیا گیا، حکمنامہ میں عدالت کاکہنا ہے کہ اپیل میں اٹھائے گئے نکات غور طلب ہیں،سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کیاجاتاہے ،فریقین کو جواب کیلئے نوٹس جاری کیے جاتے ہیں،کیس کو دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔