کرپشن میں ملوثNHA افسروں کیخلاف کا رروا ئی کی سفارش

   کرپشن میں ملوثNHA افسروں کیخلاف کا رروا ئی کی سفارش

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کی ذیلی کمیٹی نے این ایچ اے کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر اور کرپشن میں ملوث افسر وں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔

اجلاس سینیٹر کامل علی آغا کی صدارت میں گزشتہ روز منعقد ہواجس میں سینیٹرز ضمیر حسین گھمرو اور سیف اللہ ابڑو شریک ہوئے ، ذیلی کمیٹی نے راجن پور، ڈیرہ غازی خان منصوبے کی ٹینڈرنگ کے عمل اور بولی کی دستاویزات پر بریفنگ لی۔ سی ای او نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے بتایا کہ وزیر اعظم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ٹینڈر کی نگرانی اور تحقیقات کے احکامات دیئے تھے ۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ این ایچ اے کے افسران نے بدتمیزی کی اور یقین دلایا کہ ذمہ دار افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ انکوائری کمیٹی نے سب کمیٹی کی زیادہ تر سفارشات کی توثیق کر دی ہے ۔ کنوینر سب کمیٹی نے کہا کہ اس منصوبے کو ختم کرنے سے ذمہ دار افسران و کمپنیوں کو فائدہ ہوگا اور تجویز دی کہ منصوبے کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے ۔ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کرپشن میں ملوث افسروں کو ملازمت سے برطرف کرنے کی پرزور سفارش کی اور کہا محکمہ نے سب کمیٹی کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔ انہوں نے سفارش کی کہ ایسی "کالی بھیڑوں" کو کلیدی عہدوں پر تعینات نہ کیا جائے ۔ ذیلی کمیٹی نے سفارش کی کہ اس منصوبے پر کام 15 دنوں کے اندر شروع کیا جا ئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں