گرفتاری سے روک دیا گیا
اسلام آباد، راولپنڈی(اپنے نامہ نگار سے، خبرنگار)انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں بشریٰ بی بی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے خلاف درج احتجاجی مقدمات سے متعلق ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر متعلقہ حکام کو گرفتاری سے روک دیا۔
عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی مجموعی طور پر 274 ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے بشریٰ بی بی اور تحریکِ انصاف کے دیگر رہنماؤں کو 7 فروری تک متعلقہ مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کا حکم جاری کر دیا ۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی ضمانت قبل از گرفتاری کی آٹھ درخواستیں خارج کر دیں جبکہ سابق وفاقی وزیر زرتاج گل کی سات ضمانتی درخواستیں بھی منظور نہ کی جا سکیں۔ اسی طرح سینیٹر شبلی فراز اور عالیہ حمزہ کی پانچ سے زائد ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں بھی عدالت نے مسترد کر دیں۔ انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان سمیت 11 ملزموں کے خلاف 26 نومبر 2024 کے احتجاج پر درج مقدمہ کی سماعت کی،وکلاء صفائی نے مزید دو گواہوں پر اپنی جرح مکمل کر لی۔ دوران جرح وکیل صفائی اور پراسیکیوٹر میں تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔