اسلام آباد ہائیکورٹ کے مستقل ہونیوالے 3ججز نے حلف اٹھا لیا

اسلام آباد ہائیکورٹ کے مستقل ہونیوالے 3ججز نے حلف اٹھا لیا

اسلام آباد، کوئٹہ (اپنے نامہ نگار سے ، این این آئی) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان، جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس نے بطور مستقل جج کے طور پر حلف اٹھا لیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے ان سے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب اسلام آباد ہائیکورٹ کے کامن روم میں ہوئی، چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے مستقل ہونے والے جسٹس محمد اعظم خان، جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس سے حلف لیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد قومی ترانے کی دھن بجائی گئی،رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔ تقریب میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس کے ججز، صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار واجد گیلانی ، سیکرٹری منظور ججہ ،وکلا اور کورٹ رپورٹرز شریک ہوئے ۔ وزارت قانون نے صدر مملکت کی منظوری سے تینوں ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا، ججز نے مستقل تعیناتی سے قبل ایک تک سال بطور ایڈیشنل جج کام کیا۔ علاوہ ازیں جسٹس نجم الدین مینگل نے بلوچستان ہائیکورٹ کے مستقل جج کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل نے جسٹس نجم الدین مینگل سے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب میں ججز، سینئر وکلاء اور اعلیٰ عدالتی افسران نے شرکت کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں