گلگت: زلزلہ ، مکانات منہدم ،1جاں بحق ،شاہراہ قراقرم بند

 گلگت: زلزلہ ، مکانات منہدم ،1جاں بحق ،شاہراہ قراقرم بند

شدت 5.8ریکارڈ، گہرائی 10کلومیٹر،جڑواں شہروںمیں بھی زمین لرز اٹھی

اسلام آباد، ہنزہ، گلگت، پشاور (نمائندہ دنیا، دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں) جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد سمیت گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا و دیگر علاقوں میں گزشتہ روز  دوپہر کے وقت آنے والے زلزلے میں ایک شخص جاں بحق اور دو بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے ، متعدد کچے رہائشی مکان اور مویشیوں کے باڑے متاثر ہوئے ، شاہراہ قراقرم سمیت کئی رابطہ سڑکیں لینڈ سلائیڈ کے باعث بند ہو گئیں۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 اور گہرائی 10 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز کشمیر کا شمال مغربی حصہ تھا۔ لوگ خوف و ہراس کے باعث کلمہ طیبہ کا ورد کرتے دفاتر اور گھروں سے باہر نکل آئے ۔

گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ہنزہ کے علاقہ بدسوات میں دریا کے قریب موٹر سائیکل سوار دو افراد پہاڑ سے گرنے والے بڑے پتھر کی زد میں آ گئے ، بلہنز کا رہائشی 60 سالہ خوش بیگ موقع پر جاں بحق جبکہ بدسوات کا رہائشی 35 سالہ افضل خان شدید زخمی ہو گیا جسے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ ضلع ہنزہ کے اپر گوجال کی چپرسن ویلی میں متعدد کچے رہائشی مکانات اور مویشیوں کے باڑے جزوی یا مکمل متاثر ہوئے ۔ گھروں کی دیواریں گرنے سے دو بچے معمولی زخمی ہوئے جن کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ رابطہ سڑک متعدد مقامات پر بند ہو گئی، قراقرم ہائی وے بھی نگر سے خنجراب تک مختلف مقامات پر متاثر ہوئی۔ ضلعی انتظامیہ، جی بی ڈی ایم اے اور ریسکیو اداروں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

گلگت، نگر، استور، دیامر، سکردو، غذر، شگر، گانچھے اور کھرمنگ سمیت دیگر اضلاع میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ، بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ شاہراہ قراقرم گلگت گورو جگلوٹ کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہوگئی۔ ادھر نجی ٹی وی کے مطابق علاقہ مکین کا کہنا ہے کہ زلزلے سے ہنزہ کے علاقے وادی چیرسن میں 100سے زائد گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، زودخون اور ستمرگ میں مکانات میں دراڑیں پڑ گئیں۔ لینڈ سلائیڈ سے ہنزہ روڈ بلاک ہو گیا۔ غذر میں ایک شخص زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔ ضلع غذر میں کم سے کم بیس مکانوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ جی بی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی کہ لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے باعث پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ایبٹ آباد اور گرد و نواح میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں