داخلی صورتحال، ایران کا ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت نہ کرنیکا فیصلہ
مظاہروں میں شہریوں کی ہلاکتوں کے باعث شرکت مناسب نہیں:ورلڈ اکنامک فورم اسرائیلی، امریکی مداخلت سے اموات، اس وجہ وزیر خارجہ نہیں جائینگے :ایرانی سفارتخانہ
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی)ورلڈ اکنامک فورم نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی رواں سال ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔ فورم کے مطابق ایران میں مظاہروں کے دوران شہریوں کی ہلاکت کے باعث ایرانی حکومت کیلئے اس سال ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کرنا مناسب نہیں سمجھا گیا، ایرانی وزیر خارجہ فورم میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ فورم کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں شرکت کیلئے گزشتہ سال ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو دعوت دی گئی تھی تاہم ان کی شرکت مناسب نہیں۔
اس صورتحال پر جب روزنامہ دنیا نے پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کا موقف جاننے کی کوشش کی تو سفارتخانے نے جواب دیا کہ ایران میں حالیہ بدامنی اسرائیل اور امریکا کی مداخلت کے نتیجے میں ہوئی، جس دوران شہری جاں بحق ہوئے ۔ اسی وجہ سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کانفرنس میں شرکت نہیں کر رہے ۔ ایران کا موقف ہے کہ حالیہ بدامنی کے دوران غیر ملکی مداخلت ہوئی اور اس کی ذمہ دار اسرائیلی حکومت اور امریکا ہے جس کے بعد مظاہرے ہوئے اور کئی سکیورٹی اہلکاروں سمیت عام شہریوں کی جانیں چلی گئیں۔