پاک چین زرعی کانفرنس، 78مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

 پاک چین زرعی کانفرنس، 78مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

کانفرنس اقتصادی تعاون کی مضبوط بنیاد ، 4.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع پاکستان سرمایہ کاری کیلئے تیار مسابقتی ملک کے طور پر ابھرے گا:رانا تنویر حسین

اسلام آباد (نامہ نگار ، اے پی پی)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاک ،چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس نے زرعی شعبے میں طویل  المدتی اقتصادی تعاون کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے ، جس سے پاکستان ایک سرمایہ کاری کے لئے تیار اور مسابقتی ملک کے طور پر ابھرے گا اور زراعت کو جامع اور پائیدار معاشی ترقی کے اہم محرک کے طور پر مزید تقویت ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 19 جنوری 2026 کو منعقد ہونے والی پاک چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس کے نتیجے میں پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان 78 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 4.5 ارب امریکی ڈالر ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سرمایہ کاری10اہم زرعی اور ذیلی شعبوں میں ہوگی جن میں فوڈ پروسیسنگ، ایگری ٹیکنالوجی، بیج و پودوں کا تحفظ، لائیوسٹاک و ڈیری، گوشت و پولٹری، پھل و سبزیاں، فشریز و آبی زراعت، اینیمل فیڈ، بعد از برداشت انفراسٹرکچر اور زرعی مداخل شامل ہیں ۔یہ سرمایہ کاری پاکستان کی زرعی ویلیو چینز کو جدید بنانے ، پیداواری و پراسیسنگ ٹیکنالوجی متعارف کرانے اور پیداوار میں اضافہ کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ رانا تنویر نے کہا کہ سرمایہ کاری سے دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے ، فارم سے مارکیٹ تک روابط مضبوط ہوں گے اور بعد از برداشت نقصانات میں کمی آئے گی۔ اس سے نہ صرف کسانوں کی آمدن بڑھے گی اور دیہی معیشت مستحکم ہوگی بلکہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے تیار مسابقتی ملک کے طور پر ابھرے گا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں