18 ویں ترمیم کے خاتمے سے کیا گل پلازہ جیسے واقعات نہیں ہونگے : سندھ حکومت
بھتے کیلئے زندہ جلانے والے کراچی کو وفاق کے سپرد کرنیکی باتیں کر رہے ،یہ سکور گن گن کر لوگ مارتے تھے :شرجیل میمن اسد قیصر کے صوبہ میں ہر چیز ٹھیک تو لوگ کاروبار کیلئے یہاں کیوں آتے ؟ :پریس کانفرنس،مصطفی کمال کے کلپ چلا دیئے
کراچی (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلز پارٹی کے رہنما و سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کیا 18 ویں ترمیم ختم کرنے اور کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے سے گل پلازہ جیسے واقعات نہیں ہوں گے ؟ ،سانحہ گل پلازہ کو افسوسناک اور دردناک سمجھتے ہیں، قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں اس پر ہر آنکھ اشکبار ہے ، ہر پاکستانی اس پر افسردہ و غمزدہ ہے۔
کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی باتیں وہ لوگ کر رہے ہیں جنہوں نے بھتے کے چکر میں لوگوں کو زندہ جلایا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گل پلازہ کے واقعہ سے جان نہیں چھڑارہے اورنہ چھڑانا چاہتے ہیں، 18ویں ترمیم آئینی طریقہ کار سے آئی، خواجہ آصف نے جو بیان دیا وہی آج مصطفی کمال نے دیا، پتہ نہیں اس واقعہ پر ایسے بیانات کے پیچھے ان کا مقصد کیا ہے۔
ایم کیو ایم کی اصلیت سب کے سامنے ہے ، یہ سکور کی طرح گن گن کر لوگ مارتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ یہ عہدوں کیلئے اپنے قائد کے سامنے جی بھائی جی بھائی کرتے تھے ، جب لوگوں کی جانیں لی جارہی تھیں کیوں خاموش تھے ، آپ 12مئی اوربلدیہ فیکٹری واقعے پر کیوں خاموش تھے ، آپ کے منہ سے ایسی باتیں اچھی نہیں لگتیں، یہ صاحب خود بھی میئر کراچی تھے ، مریضوں سے نامناسب الفاظ استعمال کرتے تھے، اس طرح کے لوگ قائد بھی بدلتے رہتے ہیں۔ شرجیل میمن نے مصطفیٰ کمال کی ماضی کی پریس کانفرنس کے کلپ چلا دیئے۔ انہوں نے کہاکہ اسد قیصر کے صوبے میں ہر چیز ٹھیک تو لوگ وہاں سے کاروبار کیلئے یہاں کیوں آتے ہیں؟۔