پنجاب کابینہ:زرعی اراضی روز گار،نئی اسامیوں سمیت اہم فیصلے:مریم نواز نے 3روزہ بسنت فیسٹیول کی منظوری دیدی
تحصیلوں میں الیکٹرو بس، بڑے ہسپتالوں کے آئی سی یو کیلئے وینٹی لیٹر ز کی منظوری ،نئے سیاحتی مقامات متعارف کرانے کا حکم 6فروری کوبسنت لانچنگ ، گھروں کی توسیع کے بلاسود قرض دینے کی منظوری ،جون تک 1لاکھ 60ہزار گھر بنانیکا ہدف
لاہور(دنیانیوز)پنجاب کابینہ کے 32ویں اجلاس میں اہم تاریخی فیصلے کئے گئے ،وزیراعلیٰ مریم نواز نے مزار ع بن کر دوسروں کی زمینوں پر ہل چلانے والے کسانوں کو اپنے کھیتوں کے مالک بنانے کا تاریخی فیصلہ کردیا، کسان کو سرکاری زمین،نوجوان کو روزگار،مسافر کو سہولت، مریض کو بہترین علاج، تاجر کو آسانی،اضلاع کے بعد تحصیلوں میں بھی الیکٹرک بسیں چلیں گی۔ پنجاب میں نوجوانوں کیلئے سی سی ڈی،ایکسائز، ٹورازم ،پولیس، ہوم ڈیپارٹمنٹ اور دیگر محکموں میں سینکڑوں اسامیوں کی منظوری دی گئی۔ دوسری طرف مریم نواز نے 3 روزہ بسنت فیسٹیول کی منظوری دیدی ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں نئے پراجیکٹس اور ترقی کا نیا روڈ میپ پیش کیا گیا۔ اضلاع کے بعد اب تحصیل میں بھی شاندار گرین بس چلیں گی،پنجاب میں اپنا کھیت،ا پنا روزگار پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا، وزیراعلیٰ نے 50ہزار افراد کو کاشت کیلئے سرکاری زمین دینے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ تحصیلوں میں الیکٹروبس سروس شروع کرنے کے لئے 1000گرین بسیں منگوانے کی ہدایت کی گئی، جبکہ الیکٹرو بس سروس میں 25مارچ سے کیش لیس ادائیگی سسٹم نافذ کرنے کی منظوری دی گئی۔
کیش ادائیگی کی صورت میں مسافر کو الیکٹرک بس میں زیادہ کرایہ ادا کرنا پڑے گا۔ تاجرطبقے کیلئے قوانین میں آسانی پیدا کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ہر شخص کو اس کا حق دے رہے ہیں،ہر سہولت شہر سے تحصیل اور تحصیل سے گاؤں تک پہنچ رہی ہے ،پنجاب کی زرعی سرکاری اراضی اب اشرافیہ کیلئے نہیں،غریب کے روزگار کیلئے وقف ہوگی۔ اجلاس میں ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول میں 216خالی اسامیوں پرکانسٹیبل بھرتی کرنے ،کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کیلئے 1000 نئی اسامیوں ،ٹورازم پولیس کیلئے 980 نئی اسامیوں،انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن ڈیپارٹمنٹ اور ٹی ڈی سی پی میں بھی کنٹریکٹ کی بنیاد پر نئی اسامیوں کی منظوری دی گئی۔ اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان کو اعزازیہ کی ادائیگی کیلئے قانونی امور اور پنجاب کے بڑے ہسپتالوں کے آئی سی یو کیلئے وینٹی لیٹرز خریداری کے منصوبے بھی منظور کئے گئے ۔ لاہور کے اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اورقیدیوں کے کھانے کیلئے فنڈزمنظور کئے گئے ۔
اجلاس نے سی ایم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیٹ ٹاپ خریداری کی منظوری بھی دیدی ۔ 2025کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی پیکیج منظور کرلیاگیاجبکہ صوبائی کابینہ نے پنجاب فلم سنسربورڈ کی ا زسرنو تشکیل کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سالانہ رپورٹ، 2019 اور 2021 پیش کی گئی جبکہ آئی سی ٹی پر مشتمل پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کو فنکشنل کرنے اور دیکھ بھال کیلئے بی آئی ٹی بی سے معاہدہ کی منظوری دی گئی۔ کئی ججز کی تعیناتی اور سپیشل طلبہ کیلئے خصوصی تعلیمی اداروں میں ہمت کارڈ کی منظوری دی گئی۔ مریم نواز کی زیرصدارت گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بسنت فیسٹیول سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے ۔ مریم نوازکا کہناتھاکہ پنجاب کے عوام کو خوشیاں لوٹانے آئی ہوں،پنجاب دل والوں کا صوبہ ہے لیکن عوام کو تفریح سے دور کر دیا گیا تھا۔ یہ سب کا صوبہ ہے ، عید، ہولی، کرسمس اور رمضان جس مذہب سے بھی اس کا تعلق ہو، اس کو خوشی منانے کا پورا حق ہے ۔ 6،7 اور 8 فروری کو پہلی مرتبہ گورنمنٹ سپانسرڈ اور آرگنائزڈ بسنت منانے جارہے ہیں ، شہریوں کی حفاظت کے لئے جامع سیفٹی پلان بنایا گیا۔
انہوں نے کہالاہور کو ریڈ، ییلو اور گرین زون میں تقسیم کردیا،10 لاکھ بائیکس پر مفت سیفٹی راڈ لگارہے ہیں۔ بسنت ٹرانسپورٹ پلان کے تحت فری رائیڈ کی سہولت دیں گے ، 500بسیں چلارہے ہیں، اورنج لائن، میٹرو بس، الیکٹرو بس اور فیڈر بس پر سفر مفت ہوگا۔ یانگوکے 6ہزار ر کشے اور24روٹس پر 60ہزار رائیڈز میسر ہونگی۔ سیف سٹی اورکمشنرآفس میں خصوصی کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں،جہاں 24گھنٹے ہائی الرٹ ہوگا،سی سی ٹی وی کیمروں اورڈرون کے ذریعے تین روزہ بسنت میں مانیٹرنگ کی جائے گی۔ 6فروری کی رات بسنت فیسٹول کی لانچنگ کی جائے گی اور7فروری کو باقاعدہ آغازہوگا۔بعدازاں ایک اور اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیراعلیٰ نے گھروں کی توسیع کے بلاسود قرضوں کے اجرا ء کی منظوری دیدی،انہوں نے جون 2026 تک ایک لاکھ 60 ہزار گھر بنا نے کا ہدف مقررکر دیا۔ مریم نواز نے اپنی زمین، اپنا گھر کے 1534 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی بھی منظوری دے دی۔ پہلے مرحلے میں جہلم میں 194، قصور129، فیصل آباد میں 84 اور لودھراں 59 پلاٹ بذریعہ قرعہ اندازی دئیے جائیں گے ۔ انہوں نے اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے فنڈز بڑھانے کے لئے اقدامات کا حکم بھی دیا۔