جس دن ٹرمپ گیا، اس دن بورڈ آف پیس بھی گیا:نجم سیٹھی
بورڈ اقوام متحدہ کا متبادل نہیں بن پائے گا،چین،روس شامل نہیں ہوں گے پاکستان شمولیت سے انکار نہیں کر سکتا: آج کی بات سیٹھی کیساتھ میں گفتگو
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ غزہ امن بورڈ میں چین،روس شامل نہیں ہوں گے ، برطانیہ کا پتا نہیں شامل ہوتاہے یا نہیں، ڈونلڈٹرمپ کی ایک یہ کوشش ہے کہ اس کو اقوام متحدہ کا متبادل بنایا جائے ، مگر یہ نہیں ہوپائے گا،ڈونلڈٹرمپ چاہتا ہے کہ یہ متبادل ہو،فیصلے اس بورڈ سے کرائے جائیں، یواین کی چھٹی کرادی جائے ،جس دن ٹرمپ گیا، اس دن بورڈ آف پیس بھی گیا ۔پروگرام آج کی بات سیٹھی کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا ڈونلڈٹرمپ کافی عرصے سے ایواین کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں ،ڈونلڈٹرمپ کہتا ہے ایواین امریکہ کے خلاف ہے ، امریکا فنڈنگ کرتا ہے ، دوسری بات ،اس بورڈ میں وہ ممالک شامل ہیں جو امریکا پر انحصار کرتے ہیں،جس میں پاکستان،سعودی عرب آجاتا ہے ،ان کیلئے امریکا کی سپورٹ کے بغیر تیرنا مشکل ہے ۔
امریکا کے ساتھ تعلقات مضبوط رکھنا سب ممالک کی مجبوری ہے ،سب نے ملکر یہ فیصلہ کیا ہے اکیلے ہاں کریں یا ناں کریں یہ کمزوری کا باعث بنے گا،بہتر یہ ہے کہ سارے ملک مل کرایک ہی فیصلہ کریں سارے باہر رہیں یا سارے جوائن کرلیں ۔ نجم سیٹھی نے کہا شمولیت پر اپوزیشن اور فضل الرحمن حکومت پر تنقید کررہے ہیں، بات یہ ہے کہ پاکستان ناں بھی نہیں کرسکتا،اس وقت حالات ایسے ہیں کہ ناں نہیں کی جاسکتی،اگر پاکستان انکار کردیتا ہے کہ تو ڈونلڈ ٹرمپ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے الگ کروا دیتا ،دوسری بات یہ کہ ڈونلڈ ٹرمپ کوپاکستان ناراض کرتا ہے تو وہ زیادہ ٹیرف لگا دیتا،شامل ہونے کے علاوہ پاکستان کے پاس کوئی آپشن نہیں تھا۔ اس وقت اسرائیل دونوں طرف گیم کھیل رہا ہے ،ایک طرف یہ کہہ رہا ہے کہ یہ بورڈہم کو تسلیم نہیں ،اس پر ہم سے مشاورت نہیں کی گئی،یہ بات تو کہہ رہا ہے مگریہ شامل ہوجائے گا۔اسرائیل کو ایک بات کا پتہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کوئی ایسا فیصلہ نہیں کرے گا جو اسرائیل کے مفاد کیخلاف ہو،بورڈ اف پیس کچھ بھی نہیں ہوگا۔اصل فیصلہ اسرائیل اور ٹرمپ جو کرینگے وہی ہوگا۔ باقی بورڈ ممبرز کو تو بلائیں گے بھی نہیں،ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک کمیٹی بنالی ،جس سے وہ سارا کام کرے گا،بورڈ کے ساتھ ڈسکس ہی کچھ نہیں ہونا۔ٹرمپ بھی اپنے کام چلاتا رہے گا۔