اسحاق ڈار وطن پہنچ گئے ،قطر ، بنگلہ دیش کے ہم منصبوں سے رابطے
دبئی میں قیام کے دوران وزیرِ خارجہ کی اتصالات گروپ کے حکام سے ملاقات ہوئی ٹیلیفونک رابطوں میں دوطرفہ تعاون، اہم امور اور عالمی و علاقائی صورتحال پر گفتگو
اسلام آباد (این این آئی،اے پی پی)نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار ڈیووس کے دورے کے بعد دوبئی سے اسلام آباد پہنچ گئے ، قطر کے وزیرِ مملکت ڈاکٹر محمد بن عبدالعزیز الخلیفی اور بنگلہ دیش کے مشیر برائے امور خارجہ محمد توحید حسین سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطے کئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار ڈیووس کے دورے کے بعدگزشتہ روز دبئی سے اسلام آباد پہنچ گئے ، دوبئی میں قیام کے دوران وزیرِ خارجہ اسحاق ڈا رنے اتصالات گروپ کے حکام سے ملاقات کی اور اس دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے روابط کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
دریں اثناء وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے قطر ی وزیرِ مملکت ڈاکٹر محمد بن عبدالعزیز الخلیفی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور اس دوران دونوں رہنما ئوں نے دوطرفہ تعاون، باہمی دلچسپی کے اہم امور اور جاری عالمی و علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر خارجہ نے بنگلہ دیشی مشیر برائے امور خارجہ محمد توحید حسین سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جبکہ تجارت اور اقتصادی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں رہنما ئوں نے مشترکہ مفادات کے فروغ، علاقائی امن اور خوشحالی کیلئے مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔