بزنس فورم کاوزیراعظم کو خط، خراب ملکی معیشت پر تشویش کااظہار
کاروباری اعتماد بحال اور صنعت و تجارت کے لیے فوری عملی اقدامات کریں حکومت تاجروں کو بنیادی وسائل اور سازگار ماحول فراہم کرے ، خواجہ محبوب
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان بزنس فورم (پی بی ایف) نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک تفصیلی خط ارسال کرتے ہوئے ملکی معیشت، صنعت،تجارت کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اورمطالبہ کیا کہ کاروباری اعتماد کی بحالی کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں ۔فورم کے صدر خواجہ محبوب الرحمن نے کہا کہ سال 2025 صنعتی اور تجارتی شعبے کے لیے ایک مشکل سال رہا جبکہ کاروبار کی لاگت میں کمی اور سہولیات کی فراہمی ممکن نہیں ہو سکی۔ مہنگی بجلی اور غیر مسابقتی ٹیکس نظام نے نہ صرف صنعتی بلکہ زرعی شعبے کو بھی متاثر کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے معرکئہ حق میں کامیابی حاصل کی، اب بزنس کمیونٹی معرکہ معیشت جیتنا چاہتی ہے جس کے لیے حکومت کو کاروباری طبقے کو بنیادی وسائل اور سازگار ماحول فراہم کرنا ہوگا۔پی بی ایف نے بجلی کے نرخ مقرر کرنے ، کارپوریٹ ٹیکس میں اصلاحات اور سال 2026 کے لیے واضح معاشی روڈ میپ کی ضرورت پر زور دیا۔