بہتر گورننس : وفاقی وزارتوں، صوبائی محکموں میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال کا فیصلہ
اے آئی ہول آف گورنمنٹ منصوبے کے تحت 17 تا 20 گریڈ کے افسران کی عملی تربیت 9 تا 12 فروری کواسلام آباد میں ہوگی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی ا فسران کی نامزدگی 29 جنوری تک بھیجنے کی ہدایت ،دوران ٹریننگ اے آئی کی عملی مہارتیں سکھائی جائینگی
اسلام آباد (ایس ایم زمان) وفاقی حکومت نے گورننس کو بہتر بنانے کے لیے وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی حکومت نے مذکورہ نظام کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس ہول آف گورنمنٹ (AI WoG) منصوبہ کا نام دیا ہے ۔وفاقی حکومت نے 17 تا 20 گریڈ کے افسران کی تربیت کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ وہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے مؤثر استعمال کے ذریعے وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی اور گورننس میں بہتری لاسکیں۔ اس تربیتی پروگرام کو وفاقی دارالحکومت میں 9 تا 12 فروری کے دوران منعقد کیا جائے گا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاق کے ماتحت سروس کیڈر گروپ، وفاقی وزارتوں و محکموں کے ایکس کیڈر اور صوبائی سروس کے 17 تا 20 گریڈ کے افسران کی نامزدگی طلب کی ہے ۔ وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں ، محکموں اور صوبائی حکومتوں کو مراسلے کے ذریعے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 29 جنوری تک افسران کی نامزدگی ارسال کریں۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق AI WoG منصوبہ وفاقی وزارتوں، ڈویژنون، محکموں اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی، گورننس اور استعداد کار میں اضافے کے لیے تیار کیا گیا ہے ، تربیتی پروگرام کے دوران افسران کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال کی عملی مہارتیں سکھائی جائیں گی۔