امیگریشن اینڈ پاسپورٹس ڈا ئریکٹوریٹ میں مانیٹرنگ نظام ’’شکرا ‘‘ کا افتتاح
پاکستان اور دنیا بھر میں پاسپورٹ درخواستوں کی ڈ لیوری تک ہر مرحلے پر نگرانی ممکن پاسپورٹ سسٹم کو دنیا کے بہترین ممالک کے نظام کے مطابق ڈھال دیا:وزیر داخلہ
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ کیا،انہوں نے جدید ترین مانیٹرنگ نظام ’’ شکرا‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ انکی ہدایت پر 24/7مانیٹرنگ روم، کال سینٹر فعال اور ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹ نظام بھی ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان پاسپورٹ سسٹم کو اب دنیا کے بہترین ممالک کے نظام کے مطابق ڈھال دیا گیا ہے، پاکستان و دنیا بھر میں پاسپورٹ درخواستوں اور ڈ لیوری کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو گی، اپلائی ہونے سے ڈ لیوری تک ہر مرحلے پر نگرانی کی جا سکے گی۔
آٹومیٹک مشینوں سے پاسپورٹ پرنٹنگ پراسیس سے انسانی مداخلت کو مکمل ختم کر دیا گیا ہے ۔ اس انقلابی قدم کے بعد پاکستان کا پاسپورٹ سسٹم دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ ہو گیا ہے ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ’’ شکرا‘‘ سسٹم (سیکوئر ہائبر ڈ انٹیلیجنس فار نالج بیسڈ ریسپونس انالیٹکس) ایک ایسا ڈیجیٹل ڈیش بورڈ ہے جو پاسپورٹ بننے کے ہر مرحلے کی خودکار نگرانی کرے گا۔وزیر داخلہ نے کہا اب شہری اپنے پاسپورٹ کے ہر مرحلے کی معلومات حاصل کر سکیں گے جس سے محکمے میں شفافیت آئے گی اور کرپشن یا ایجنٹ مافیا کا راستہ مکمل طور پر بند ہو جائے گا۔