دنیا دہشتگردی کیخلا ف ہماری قربانیاں تسلیم کرے، سینیٹر افنان اللہ
پاکستان نے دہشتگردی کی جنگ میں نا قابل تلافی نقصانات برداشت کیے ناسور کے خاتمہ کیلئے مشترکہ عزم درکار ، ایشیائی پارلیمانی تعاون کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد ( دنیا رپورٹ ) سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد دنیا کے لیے ایک مثال ہیں جسے تسلیم کرنے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ناقابلِ تلافی نقصانات برداشت کیے۔ سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں،ہسپتالوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بحرین میں منعقدہ ایشیائی پارلیمانی تعاون کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا آج ہمارے خطے میں جو سرخ سائے دکھائی دیتے ہیں وہ کسی نسل یا رنگ کی بنیاد پر نہیں بلکہ دہشت گردی کے باعث ہیں۔ یہ وقت ہے کہ پاکستان اس بین الاقوامی پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرے اور مشترکہ حکمتِ عملی کو فروغ دے ۔ انہوں نے کہا پاکستان کے عوام فلسطین اور ایران کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں جو دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا دہشت گردی ایک عالمی ناسور ہے جس کے خاتمے کے لیے تمام ممالک کو یکجہتی، تعاون اور مشترکہ عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔