اسحاق ڈار سے میانمار کے وزیر خارجہ کی ملاقات، ایم او یو پر دستخط
اسلام آباد(وقائع نگار)جمہوریہ میانمار کے وزیر خارجہ تھان سوئے نے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے ہمراہ پاکستان اور میانمار کے دفاترِ خارجہ کے درمیان سیاسی مشاورت کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ ادارہ جاتی نظام دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر باقاعدہ روابط، مسلسل مکالمے اور موثر تعاون کو فروغ دینے میں مدد فراہم کرے گا۔قبل ازیں اسحاق ڈار اور تھان سوئے کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، فریقین نے مذہبی سیاحت، عوامی روابط اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ مشترکہ خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے ۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی سے متعلق امور بارے تبادلہ خیال اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔