فنڈ زکی کمی، کے فور منصوبہ رواں سال بھی مکمل نہیں ہوگا

 فنڈ زکی کمی، کے فور منصوبہ رواں سال بھی مکمل نہیں ہوگا

منصوبے کی مجموعی لاگت 126 ارب تھی جو بڑھ کر 171 ارب تک پہنچ گئی ڈیڈ لائن دسمبر 2026تک ہے ، مکمل ہونے کا چانس نہیں ، وزارت آبی وسائل

اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) کراچی کے شہریوں کے لیے پینے کے پانی کا منصوبہ کے فور رواں سال بھی مکمل نہیں ہو سکے گا۔ کے فور منصوبے کی ڈیڈ لائن دسمبر 2026تک تھی۔ وزار ت آبی وسائل کے حکام کے مطابق منصوبے کی لاگت میں اضافہ ہوا ہے ، منصوبے  کی مجموعی لاگت 126ارب تھی جو بڑھ کر 171ارب تک پہنچ گئی ۔کے فور وفاقی حکومت اور سندھ کی مشترکہ فنڈنگ سے بن رہا ہے جو کراچی کی 60فیصد آبادی کو پینے کا پانی مہیا کرے گا۔ وزارت آبی وسائل نے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل صرف اس صورت میں ہو سکتی ہے کہ اگر وفاقی حکومت رواں مالی سال کے آخری چھ ماہ یعنی جنوری تا جون 30 ارب روپے مہیا کرے اور نئے مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں یعنی جولائی تا دسمبر مزید 30 ارب روپے فراہم کرے بصورت دیگر اسے مقررہ ٹائم لائن میں مکمل کرنا ناممکن ہے ۔

اس کے علاوہ حکومت سندھ نے بھی 14.6 ارب روپے مہیا کرنے ہیں اور اگر وہ بر وقت فراہم کیے جائیں تو منصوبہ مکمل ہوگا۔ وزارت آبی وسائل کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال وزارت کو مجموعی طور پر 128 ارب روپے مہیا کیے گئے ، لہٰذا طے شدہ ٹائم لائن یعنی 31 دسمبر 2026 تک کے فور کی تکمیل ناممکن ہے ۔ اس تمام صورتحال پر سیکرٹری آبی وسائل کا کہنا تھا کہ اسی سال کے فور مکمل نہیں ہو سکتا۔ کے فور منصوبے کی ابتدائی مجموعی لاگت 126 ارب تھی جس میں اب تک وفاق 89 ارب روپے ادا کر چکا ہے ، تاہم حکومت سندھ کے حصے میں 8.5 ارب روپے بنتے تھے جو ابھی تک فراہم نہیں کیے گئے لیکن وزیر اعلیٰ سندھ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ جلد رقم ادا کریں گے ۔ کے فور منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ اس منصوبے میں ہمیں زیادہ تر مالی مشکلات کا سامنا ہے ، ہم نے اپنی طرف سے 66 فیصد کام مکمل کیا ہے ، اگر فنڈز فراہم کیے جائیں تو منصوبے کی تکمیل اسی سال دسمبر تک متوقع ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں