پاکستان کا سی پیک کو افغانستان تک پھیلانے کا فیصلہ
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان نے پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک)کو افغانستان تک پھیلانے کا فیصلہ کرلیا۔ رپورٹ کے مطابق حکام دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے حالات عارضی خراب ہیں، چین پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
حکام نے بتایا کہ علاقائی تعاون کے فریم ورک بھارت کی وجہ سے چل نہیں رہے ، سارک کا فورم بھارت کی وجہ سے چل نہیں رہا ہے ، اس وجہ سے ہم علاقائی ممالک کے ساتھ روابط قائم کر رہے ہیں۔حکام کے مطابق چین کے افغانستان میں دہشتگردی کے حوالے سے خدشات ہیں، پاکستان کے بھی افغانستان کے حوالے سے خدشات ہیں، چینی شہریوں کو افغانستان میں خطرات لاحق ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کا افغانستان پر موقف یکساں ہے ۔سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی ایک عالمی خطرہ ہے جو سب کو درپیش ہے ، دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنے کیلئے مشترکہ فوجی مشقیں بھی کرتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کی بنیادی وجہ دہشتگرد تنظیموں کی بارڈر کراسنگ کو روکنا ہے۔