چوک سرور شہید میں المناک سانحہ،ٹرالر نے 5طلبہ کچل ڈالے

چوک سرور شہید میں المناک سانحہ،ٹرالر نے 5طلبہ کچل ڈالے

چوک سرور شہید (نمائندہ دنیا)چوک سرورشہید میں خوفناک ، المناک سانحہ، تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار طالب علم بچوں کو کچل دیا ،

پانچ بچے موقع پر جاں بحق، بچوں کے چیتھڑے اڑگئے ،ریسکیو1122 نے لاشوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال چوک سرورشہید پہنچایا جہاں سے میتیں گھر بھجوائی گئیں ، حادثہ کی اطلا ع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو ، ڈی پی او کوٹ ادو ، اور دیگر اعلیٰ حکام بدقسمت خاندان کے گھر پہنچ گئے ، وزیر اعلیٰ پنجاب کا حادثے پراظہار افسوس، اعلیٰ سطحی انکوائری کا حکم دے دیا ، تفصیل کے مطابق گزشتہ روز چوک سرورشہید شہر محلہ محمدآباد کے رہائشی ایک ہی گھر کے پانچ بچے 19سالہ عبداللہ ولد زاہد اقبال ،6سالہ عبدالرحمن ولد زاہد اقبال ،15سالہ محمد عادل ولد محمد عارف ،

17سالہ باسط ولد محمد صدیق ،9سالہ دعا فاطمہ دختر محمد صدیق  حسب معمول موٹر سائیکل پرسوار ہوکر سکول و کالج جانے کے لئے نکلے ملتان میانوالی روڈچوک سرورشہید پر پیچھے سے آنے والے تیز رفتار ٹرالر نے انہیں کچل دیا ۔حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ان بچوں کے جسم کے اعضا پوری سڑک پر بکھر گئے ۔ حادثہ کے نتیجہ میں پانچوں بچے موقع پر جاں بحق ہوگئے ۔ اطلاع پر ریسکیو ٹیمیں پولیس ، موقع پر پہنچی اور مرنے والوں کی لاشوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال چوک سرورشہید منتقل کیا ۔ افسوسناک حادثہ پر ڈی پی او کوٹ ادو قمر منصور ، ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم ، ڈی ایس پی چوک سرورشہید نعیم برمانی ، اوردیگر اعلیٰ حکام لواحقین کے گھر پہنچے اظہار تعزیت کیا ۔ وقوعہ کی انکوائری شروع کردی گئی ۔ جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس المناک حادثہ پر لواحقین سے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور حادثہ کی اعلیٰ سطحی انکوائری کا حکم دیا ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں