14 سال بعد فضائی رابطہ بحال، بنگلہ دیش سے پرواز کراچی پہنچ گئی
بیمان ایئر لائنزکا جناح ایئرپورٹ پہنچنے پر تاریخی استقبال ،واٹر سلیوٹ پیش کیا گیا ایئرپورٹ پر جذباتی مناظر ،گورنر کامران ٹیسوری،بنگلادیشی ہائی کمشنر و دیگر شریک
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 14 برس بعد براہ راست فضائی رابطے بحال، بنگلادیش کی بیمان ایئرلائنز کی پہلی پرواز 149 مسافروں کو ڈھاکا سے لیکر کراچی ایئر پورٹ پہنچ گئی، رن وے پر طیارے کا روایتی اور تاریخی استقبال اور واٹر سلیوٹ پیش کیا گیا، ایئرپورٹ پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی ، جس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری،بنگلادیشی ہائی کمشنر اور ایئرپورٹ حکام نے شرکت کی۔ گورنر سندھ نے اس لمحے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سفارتی کامیابیاں سمیٹ رہا ہے اور انشاء اللہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش برادر ملک ہیں مگر درمیان میں بھارت اور بالخصوص مودی نے اپنے مذموم عزائم استعمال کیے ، جن میں اب وہ ناکام ہوگیا ہے ۔ اس موقع پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے ۔ پاکستان میں موجود بنگالی کمیونٹی نے خوشی کا اظہار کیا کہ وہ کم خرچ میں اپنے پیاروں سے ملنے بنگلادیش جاسکیں گے ۔خیال رہے کہ ڈھاکا اور کراچی کے درمیان پرواز کا دورانیہ 3 گھنٹے ہے ، براہ راست پروازیں بند ہونے کے باعث بنگلادیش جانے والے مسافروں کو براستہ دبئی مہنگا اور طویل سفر کرنا پڑتا تھا۔ بیمان (بنگلا دیش ایئر لائن)کی یہ پرواز 2 گھنٹے بعد کراچی سے مسافروں کو لے کر ڈھاکا روانہ ہوگی۔