پاکستانی اخبار فروش نے فرانس کا اعلیٰ سول اعزاز حاصل کرلیا
پیرس(دنیا مانیٹرنگ) پاکستانی اخبار فروش نے فرانس کا اعلیٰ سول اعزاز حاصل کرلیا، فرانس کے صدر ایمانویل میکخواں نے 74 سالہ علی اکبر کو گرانڈ آرڈر آف میرٹ کا نائٹ بنایا۔
علی اکبر گزشتہ 50 برس سے پیرس کے لاطینی کوارٹر میں کیفے ٹیرسز پر اخبارات فروخت کر رہے ہیں اور مقامی لوگوں میں بے حد مقبول ہیں۔ اعزاز دینے کی تقریب صدارتی محل میں ہوئی، جہاں ان کی طویل خدمات کو سراہا گیا۔ علی اکبر 1973 میں پاکستان سے فرانس آئے ،وہ سوربون یونیورسٹی کے طلبا کو بھی اخبار فروخت کرتے رہے ،گزشتہ نصف صدی کے دوران علی اکبر نے پیرس میں اخبار فروشی کی روایت کو زندہ رکھا، جس کے باعث وہ نہ صرف مقامی افراد بلکہ بین الاقوامی میڈیا کی بھی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔یہ اعزاز پاکستانی کمیونٹی کیلئے بھی باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے ۔