ماں کے طور پر پنجاب کی بیٹیوں کیلئے جو ہوسکا کروں گی:مریم نواز

ماں  کے طور پر پنجاب کی بیٹیوں کیلئے جو ہوسکا کروں گی:مریم نواز

بیٹیاں آگے بڑھتی ہیں تو خوشی ہوتی ہے :وزیراعلیٰ ،دانش سکول کا افتتاح ، منکیرہ کے 3 سکولوں کی اپ گریڈیشن کا اعلان بلوچستان پر اٹھنے والی ہر انگلی کاٹ ، آنکھ نکال دینگے ،بھاٹی گیٹ واقعہ کے ذمہ داروں کو کیفرکردارتک پہنچانامشن:مریم نواز

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھکر میں دانش سکول منکیرہ کا افتتاح اور گورنمنٹ پرائمری سکول کیسانوالہ میں سکول میل پروگرام کا آغاز کردیا، وزیراعلیٰ نے طالبات میں لنچ بکس تقسیم کئے اور کلاس روم کا دورہ کیا، انہوں نے منکیرہ کے 3 سکولوں کی اپ گریڈیشن کا اعلان کیا جس پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کیسا نوالہ کو پرائمری سے ایلیمنٹری جبکہ کری اور نورپورشاہ کے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکولوں کو ہائی گریڈ کا درجہ دے دیاگیا۔مریم نواز کا کہناتھاکہ ماں کے طور پر پنجاب کی بیٹیوں کیلئے جو ہوسکا کروں گی۔

انہوں نے طالبات سے بات چیت کی اور گھل مل گئیں ،وزیراعلیٰ کے سوال پرطالبہ نے معصومیت سے جواب دیا ع سے عین ہوتا ہے ،معصوم طالبہ نے گفتگوکرتے ہوئے کہا آپ کا ڈریس بہت اچھا ہے ، ٹی وی پر روز دیکھتی ہوں آج آپ کوخود دیکھا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بچیوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہادودھ پئیں، اچھی غذا کھائیں اور سٹرانگ ہوجائیں،خوب محنت کرکے آگے بڑھیں ۔ مریم نواز دانش سکول پہنچنے پر سفید پگڑی پہنے دو نوں بچوں کا ہاتھ پکڑکر افتتاح کے لئے ساتھ لے آئیں۔ان کاکہناتھاکہ کتابیں پڑھنی چاہئیں، کتابیں پڑھنے سے علم اور عزت بڑھتی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے دانش سکول گرلز کیمپس کے ہاسٹل میں جاکر 3 طالبات کی سالگرہ منائی،انہوں نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی نرمل تحریم، شکیلہ نور اور انوشے کنول کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔مریم نواز نے کہا محنت کرکے وہ حاصل کرسکتے جو بظاہر ناممکن لگتا ہے ، کبھی ڈرنا نہیں اور پریشان بھی نہیں ہونا، اگر کچھ نہیں آتا تو سیکھیں اور جاننے کی کوشش کریں۔

بیٹیاں ہر فیلڈ میں آگے بڑھتی ہیں تو بہت خوشی ہوتی ہے ،ماں کے طور پر اپنی بیٹیوں کے لئے پنجاب بھر میں جو ہوسکا ضرور کروں گی۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سی ایم سکول میل پروگرام اور دانش سکولوں پر بریفنگ دی ۔وزیراعلیٰ کا بھاٹی گیٹ واقعہ پر ایک بیان میں کہناتھا کہ ہنستا بستا گھر انہ اجاڑنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہمارا مشن ہے ،سعدیہ بی بی ا ور اس کی معصوم بیٹی کے زخم دیکھ کر دل خون کے آنسو رویا، یہ زخم پنجاب کے ماتھے پر لگے ہیں، پنجا ب کی بیٹیوں کے ناحق خون کا حساب لیاجائے گا۔انہوں نے اپنے ایک اور بیان میں کہا کہ اس ہفتے پنجاب لانگ ویک اینڈ انجوائے کرے گا،4فروری کو شب برات ،5 فروری کو کشمیر ڈے اور 6 کو بسنت کی چھٹی ہوگی، جس کے بعد ہفتے اور اتوار کی تعطیلات ہوں گی،امید ہے پنجاب بھر میں لوگ آرام اور اپنی توانائی بحال کریں گے ، شہری تعطیلات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔دریں اثنا مریم نواز نے اپنے ایک بیان میں بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کی اورسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان پاکستان ہے اور پاکستا ن بلوچستان ہے ،ہر پاکستانی بلوچستان اور بلوچستان کے عوام سے بے انتہا محبت کرتا ہے ، بلوچستان کے چپے چپے کی حفاظت کریں گے ،بلوچستان پر اٹھنے والی ہر انگلی کاٹ دی جائے گی،ہر آنکھ نکال لی جائے گی،دہشت گرد جان لیں خون کی ایک ایک بوند کا بدلہ لیا جائے گا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں