گھوٹکی:کچے میں آپریشن، 2مغوی بازیاب کرانے کا دعویٰ

گھوٹکی:کچے میں آپریشن، 2مغوی بازیاب کرانے کا دعویٰ

لاڑکانہ اور فیصل آباد کے محمد نواز، شفقت علی کو ایک اور 3ماہ قبل اٹھایا گیا تھا سکھر میں باگڑجی کے کچے میں مزید 2خطرناک ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیئے

لاڑکانہ، سکھر (نمائندگان)گھوٹکی کے کچے میں آپریشن کے دوران پولیس نے 2مغوی بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے ، جبکہ سکھر کے چے باگڑجی میں مزید 2ڈاکوؤں نے گرفتاری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ پولیس نے سکھر پولیس سے مل کر گھوٹکی کے کچے میں حساس اداروں اور سول انٹیلی جنس کی بروقت معلومات پر راونتی اسد شاہ دم دما والے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ پر آپریشن کرتے ہوئے 2 مغویوں کو بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے ، اس حوالے سے ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چودھری نے بتایا کہ بازیاب ہونے والوں میں 2 ماہ قبل اغوا ہونے والے ضلع لاڑکانہ میں گیریلو کا رہائشی شفقت علی ولد غلام مصطفیٰ چنہ اور 3 ماہ قبل اغوا ہونے والے پنجاب فیصل آباد کا رہائشی محمد نواز ولد جمیل احمد آرائیں شامل ہیں، جنہیں باحفاظت بازیاب کروایا گیا ہے ۔ تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، نہ ہی کسی ملزم کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ دوسری جانب سکھر میں باگڑجی کے کچے میں متعدد سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب مزید 2 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال کر گرفتاری دیدی۔ ترجمان پولیس کے مطابق قاسم ولد قلندر بخش جتوئی سکنہ باگڑجی کچا اور دلبر ولد پیر بخش جتوئی سکنہ کچا باگڑجی اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلوں جیسے دیگر سنگین جرائم میں انتہائی مطلوب تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں