لاہور:بسنت کی آج تمام تقریبات منسوخ،دہشتگردوں پر کوئی رحم نہیں ہوگا:وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور:بسنت  کی آج تمام تقریبات منسوخ،دہشتگردوں پر کوئی رحم نہیں ہوگا:وزیراعلیٰ پنجاب

قومی سانحہ پر یکجہتی کے اظہار کیلئے فیصلہ کیا، میگا بسنت شو نہیں ہوگا، مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنا وقت کی ضرورت ہے :مریم نواز کا’’ایکس‘‘پر پیغام بسنت کے پہلے روز فضا میں رنگ برنگی پتنگیں،چھتوں پر ہلہ گلہ ،سیفٹی راڈ نہ لگانے پر 44موٹرسائیکل سوار گرفتار،3افراد جاں بحق،28زخمی

 لاہور (دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سانحہ اسلام آباد کے پیشِ نظر آج ہفتہ کو بسنت سے متعلق تمام تقریبات منسوخ کر دیں۔مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس ’’ایکس‘‘پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہفتہ کو ہونے والی بسنت کی تمام شیڈول تقریبات منسوخ کی جاتی ہیں ، لبرٹی سکوائر پر میگا بسنت  شو بھی نہیں ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ قومی سانحہ پر یکجہتی کے اظہار کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا، قوم خوارجی فتنے اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف متحد رہے ،خوارجی عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے ، ملکی دفاع کیلئے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنا وقت کی ضرورت ہے ، پاکستان زندہ باد!۔سانحہ اسلام آباد سے قبل سرکاری ہینڈ آؤٹ کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے زندہ دلان لاہور کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بسنت کی خوشیاں منائیں۔

ہم آپ کے ساتھ ہیں ،پریشانیاں بھلا کر نیلے افق کی طرف بڑھتی گڈی پر توجہ مرکوز کریں ،آج لاہور میں پتنگیں نہیں خوشیاں اڑ رہی ہیں ،بسنت پنجاب کا ثقافتی ورثہ ہے ، تہوار پر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں ، عوام کی مفت آمدورفت کیلئے 419 بسیں تینوں دن میسر ہوں گی ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں ،ممنوعہ ڈور کے استعمال پر بھاری جرمانے اور طویل قید کی سزا ہوسکتی ہے ،سول ایوی ایشن ایریاز میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں ،بائیک اور موٹرسائیکل رکشے پر سیفٹی راڈ ناگزیرہیں ، کھلی چھت پر پتنگ بازی کرتے ہوئے احتیاط کریں، چھت کے اطراف میں کم ازکم نائیلون کی ڈورضرور باندھ لیں ۔ادھر وزیراعلیٰ نے 3 شہریوں کی اموات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ دھاتی اور ممنوعہ ڈور استعمال کرکے خوشی کو غم کا روپ نہ دیں۔

لاہور (کرائم رپورٹر،سٹاف رپورٹرسے ،مانیٹرنگ ڈیسک )لاہور میں تین روزہ بسنت فیسٹیول کا پہلا دن ، فضا رنگ برنگی پتنگوں سے بھر ی رہی،رات کو بھی چھتوں پر شہریوں کا جوش و خروش، شہر میں تہوار کا سماں ،اس دوران گلے پر ڈور پھرنے ، کرنٹ لگنے سمیت مختلف واقعات میں 3افراد جاں بحق ، 28زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں 6 سے 8فروری تک جاری بسنت میلہ کے پہلے دن فضا رنگ برنگی پتنگوں سے بھر گئی، چھتیں آباد ہو گئیں ، ہر سمت بوکاٹا کی گونج سنائی دیتی رہی ، گھروں کی چھتوں پر خاندان ، دوست احباب نے اکٹھے ہو کر تہوار کا لطف اٹھایا، موچی دروازے سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں پتنگ بازی کے سامان کی خریداری کیلئے رش رہا ۔

علاوہ ازیں شہر کے مختلف علاقوں میں مقیم غیر ملکی شہریوں اور سیاحوں نے بھی اندرون شہر، شاہی قلعہ کے اطراف، بادشاہی مسجد کے نزدیک علاقوں، گلبرگ اور ڈیفنس میں گھروں کی چھتوں، ہوٹلوں اور مخصوص ثقافتی مقامات پر پتنگ بازی کی ۔دوسری طرف بسنت کے د وران باغبانپورہ میں سکھ نہر کے قریب 25 سالہ نوجوان علی رشید کٹی پتنگ پکڑنے کیلئے بجلی کے کھمبے پر چڑھا تو اسے کرنٹ لگ گیااوروہ دم توڑ گیا، مدینہ کالونی باغبانپورہ میں 18 سالہ زین سرور چھت سے گر کر موقع پر دم توڑ گیا، گوجرہ کا رہائشی اور دو بہنوں کا اکلوتا بھائی فرسٹ ائیر کا طالب علم محمد زین اپنی پھوپھی کے گھر بسنت منانے آیا تھا۔ راوی روڈ کے علاقہ گلی نمبر 38میں ساہیوال کا رہائشی 35 سالہ سعد تیسری منزل سے چھلانگ لگاتے ہوئے گلی میں گرکر دم توڑ گیا۔ اہل علاقہ نے الزام لگایا کہ پولیس چھاپہ پر گرفتار ی کے خوف سے اس نے چھلانگ لگائی ۔

علاوہ ازیں گلے پر ڈور پھرنے سے ڈیفنس فیز 5 میں رافع ،گلشن راوی میں 8 سالہ ارسا اور45سالہ شبیر ،لوئر مال میں پتنگ لوٹتے ہوئے 12 سالہ عبدالواحد ، گلشن راوی میں 14 سالہ سلمان،ستوکتلہ میں چھت سے گر کر 32 سالہ سیف اللہ ،سبزہ زار میں پتنگ پکڑتے کرنٹ لگنے سے باپ، چچا اور بھتیجا زخمی ہو گئے ، تمام زخمیوں کو سرکاری ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ۔ ادھر بسنت پر امن و امان یقینی بنانے کیلئے لاہور پولیس ہائی الرٹ ہے ۔ شہر بھر میں مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد افسر و جوان سکیورٹی اور پٹرولنگ ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب راؤ عبدالکریم نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو انسداد پتنگ بازی ایکٹ کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں ۔ادھر لاہور پولیس نے سیفٹی راڈ نصب نہ کرنے پر 44 موٹر سائیکل سوار گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے ہیں جبکہ انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن کے دوران مزید 193 مقدمات درج کر کے 191 ملزموں کو گرفتار ،غیر منظور شدہ 22 ہزار 755 پتنگیں ، دھاتی و کیمیکل ڈور کی 462 چرخیاں برآمد کر لی گئیں،بادامی باغ میں ہوائی فائرنگ پر ملزم عاصم پکڑا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں