پختونخوا،بلوچستان میں شٹرڈاؤن،شاہرا ہیں بند،بھر پور حمایت ملی:بیرسٹر گوہر:کال بری طرح ناکام:وفاقی وزرا

پختونخوا،بلوچستان میں شٹرڈاؤن،شاہرا ہیں بند،بھر پور حمایت ملی:بیرسٹر گوہر:کال  بری طرح ناکام:وفاقی وزرا

کوئٹہ میں کاروباری مراکز بند ،215 کارکن ورہنما گرفتار ، پختونخوا میں مکمل ہڑتال،لاہور کراچی سمیت بڑے شہر کھلے رہے عوام نے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو واضح پیغام دیدیا:سہیل آفریدی ، انتشاری سیاست مسترد ہوئی:امیر مقام ، عطاتارڑ

پشاور، کوئٹہ، لاہور ، کراچی، اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ، سٹی رپورٹر ، خصوصی رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں) تحریک تحفظ آئین پاکستان کی اپیل پر اتوار کو خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال رہی ، جس کی وجہ سے بیشتر کاروباری مراکز بند  رہے اور اہم قومی شاہراہوں پر ٹریفک معطل رہی ۔ لاہور سمیت دیگر شہروں میں جزوی ہڑتال رہی ۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کی اپیل پر اتوار کو کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی جس کی وجہ سے بیشتر کاروباری مراکز بند اور اہم قومی شاہراہوں پر ٹریفک معطل رہی ۔تحریک انصاف، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی اور دیگر جماعتوں پر مشتمل اپوزیشن اتحاد ‘تحریک تحفظ آئین پاکستان’ نے 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ہڑتال کی کال دے رکھی ہے ۔جناح روڈ، پرنس روڈ، کندھاری بازار، لیاقت بازار سمیت کوئٹہ شہر میں تمام بڑے کاروباری مراکز بند رہے ، جبکہ شہر کی سڑکوں پر ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر تھی ۔

سیاسی جماعتوں کے کارکنان شہر کے مختلف علاقوں میں گشت کرتے دکھائی دئیے ، کوئٹہ کے علاوہ پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب، لورالائی، موسیٰ خیل، قلعہ عبداللہ، چمن، زیارت، سبی اور صحبت پور سمیت بلوچستان کے کئی دیگر شہروں میں بھی شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال رہی ۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے کارکنوں نے یارو، مسلم باغ سمیت مختلف مقامات پر کوئٹہ کو چمن، پنجاب اور خیبر پختونخوا سے ملانے والی شاہراہوں کو بند کر رکھا تھا ، جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی اور مسافر پھنس گئے ۔صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان میں ہڑتال کے دوران امن وامان میں خلل ڈالنے اور زبردستی روڈز بلاک کرنے اور ہڑتال کروانے پر پولیس کی جانب سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں ایئر پورٹ روڈ ، خیزی چوک ، مشرقی اور مغربی بائی پاس ، نواں کلی بائی باس سمیت دیگر علاقوں میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی اور پولیس کی جانب سے زبردستی روڈ بلاک کرانے کے الزام میں تقریباً 215کے قریب سیاسی رہنماؤں ا ور کارکنوں کو گرفتار کرکے مختلف تھانوں میں بند کردیا گیا ۔

تحریک انصاف کی کال پر ایبٹ آباد میں جزوی ہڑتال رہی ۔ زبردستی دکانیں بند کرانے پر پی ٹی آئی کارکنوں اور دکاندارو ں میں جھگڑے ہوتے رہے ۔ سابق سپیکر مشتاق احمد غنی کھلی دکانوں کے شٹر خود بند کرتے رہے ۔ پی ٹی آئی کارکنان کی ریلیاں اور شاہراہ ریشم کو منڈیاں کے مقام سے ٹائر جلا کر بند کر دیا۔تحریک تحفظ آئین پاکستان اور جی ڈی اے ٹنڈو محمد خان کی جانب سے 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں دھاندلیوں کے خلاف ٹنڈو محمد خان کے مختلف علاقوں مہران چوک، شاہی بازار، اناج منڈی، سجاول چوک، اسٹیشن روڈ سمیت دیگر تجارتی مراکز پر شٹر بند اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی جبکہ بارہ بجے تمام کاروبار مارکیٹیں کھول دی گئیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف قومی عوامی تحریک ایس یو پی کے کارکنان صبح سے موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر ٹولیوں کی صورت میں شہر کا گشت کرتے رہے ۔

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی اتوار کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی کے لئے احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔مظاہرین نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی، مینڈیٹ کی واپسی، عمران خان تک رسائی اور آئین کی بحالی کا مطالبہ کیا۔دارالحکومت مظفر آباد، پٹہکہ، چناری، پونچھ، راولاکوٹ اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں اور جلوس نکالے گئے ۔پی ٹی آئی کے سیکر ٹر ی اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پختونخوا میں دکانیں، کاروبار، بازار اور ٹرانسپورٹ سمیت ہر چیز بند رہی ۔تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے ڈپٹی انفارمیشن سیکر ٹر ی اکرام کھٹانہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں مکمل ہڑتال رہی ، تمام اضلاع میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں ۔انہوں نے کہا کہ پشاور میں ہشت نگری سے چوک یادگار تک پیدل مارچ کیا گیا ۔راولپنڈی اور اسلام آباد کی مارکیٹس معمول کے مطابق کھلی رہیں اور کہیں بھی بڑے پیمانے پر شٹر ڈاؤن یا احتجاج دیکھنے میں نہیں آیا۔اسلام آباد کے بڑے تجارتی مراکز، بلیو ایریا، آبپارہ، جی نائن سمیت دیگر مارکیٹس کھلی رہیں اور کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں اور کاروبار معمول کے مطابق جاری رہا۔

انتظامیہ نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بند کر رکھی ہے ۔ادھر پنجاب اور سندھ کے بڑے شہروں، بشمول کراچی، لاہورمیں زندگی معمول کے مطابق رواں دواں رہی جبکہ کچھ شہروں میں جزوی ہڑتال ہوئی۔لاہورکی عوام نے احتجاج کی کال کو یکسر مسترد کرتے ہوئے روایتی جوش و خروش کے ساتھ بسنت منائی۔چنیوٹ میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دی گئی پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال بری طرح ناکام ہوگئی۔ ضلع بھر میں تمام تجارتی مراکز حسبِ معمول کھلے رہے ۔پی ٹی آئی کی 8 فروری کو ہڑتال کی کال کو سرگودھا کے تاجران نے مسترد کرتے ہوئے تمام د کانیں کھول کر اپنی کاروباری سرگرمیاں برقرار رکھیں۔دریا خان اور گردونواح میں ہڑتال کی کال مسترد کر دی گئی ۔تحریک انصاف کسان ونگ پنجاب کے صدر رانا عامر شہزاد ٹکٹ ہولڈر قومی اسمبلی کو گرفتار کر لیا گیا اور گرفتاری کے بعد تھانہ تھانہ سٹی منتقل کر دیا پولیس نے گزشتہ رات تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈروں ،عہدیداروں اوررائے حسن نواز اورچو دھری آصف علی صوبائی عہدیداروں کے حامیوں اور سرگرم کارکنوں کی رہائش گاہوں پر پولیس نے چھاپے مارے لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی ۔

تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ، ہم پاکستان کے خیر خواہ ہیں، ملک کا نقصان نہیں چاہتے ، خیبر پختونخوا کے علاقے بونیر میں احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ احتجاج کے ذریعے مینڈیٹ چوری کو مسترد کرتے ہیں، ہر ضلع میں احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ کے پی، سندھ، پنجاب، بلوچستان سے بھرپور حمایت ملی، معیشت، دفاع اور سلامتی پر کوئی سمجھو تا نہیں۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ مسجد خودکش دھماکے پر اسلام آباد پولیس اور وزارت داخلہ جوابدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا ہونا چا ہئے ۔علامہ راجا ناصر عباس نے مزید کہا کہ آئین کہتا ہے عوام حکومت منتخب کریں، پارلیمنٹ کی اجازت کے بغیر ہر اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ نواز کھوکھر نے الزام لگایا کہ آج تمام شہروں میں زبردستی بازار کھلوائے گئے۔

؎پولیس نے آج بھی ان کا راستہ روکا لیکن وہ پُرامن طریقے سے آئے ، وہ اس جبر کی مذمت کرتے ہیں ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان میں تمام سیاسی جماعتوں نے بھرپور کردار ادا کیا اور عوام نے اپنے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو واضح پیغام دے دیا ،سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ کامیاب شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال پر تحریک میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کو مبارکباد دیتے ہیں اور پاکستانی عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے دل سے اس احتجاج میں حصہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ تھے ہیں اور رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں عوامی شرکت خوش آئند بھی ہے اور مخالفین کے لیے خوفناک بھی، کیونکہ آج قوم نے مسلط شدہ ٹولے اور انہیں اقتدار میں لانے والوں کو مسترد کر دیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کی بحالی کی تحریک میں ہر چھوٹا بڑا ایونٹ غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے ،سہیل آفریدی نے 26 نومبر 2024 کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ریاست پر قابض گروہ نے پُرامن پاکستانیوں پر گولیاں چلائیں، تاہم اس کے باوجود عوام آج بھی خوفزدہ نہیں اور کسی قربانی سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں 

لاہور ، پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں ) وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عوام نے تحریک انصاف کی پہیہ جام کال کو بری طرح مسترد کر دیا۔ عوام احتجاجی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔وزیر اطلاعات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پیغام میں کہا کہ پہلی بار دیکھا ہے کہ پہیہ جام خود ہی جام ہو گیا۔ لوگوں نے نفرت، انتشار اور تقسیم کی سیاست کو رد کر دیا۔وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ آج اتوار بھی ہے اور گہما گہمی بھی، عوام نے تحریک انصاف کی پہیہ جام کال کو بری طرح مسترد کر دیا۔وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں کامیابی نے لوگوں کا ذہن بدل دیا، عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ سکیورٹی فورسز ملک کی خاطر قربانیاں دے رہی ہیں، خیبر پختونخوا کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔ وزیر اعلی ٰ خود دکانیں بند کراتے رہے ۔ دہشت گردی کے خلاف سب کو ایک بات کرنا ہوگی اور ایک پیج پر آنا ہوگا۔سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عوام نے انتشار، فتنہ اور فساد کی کال کو مکمل مسترد کر دیا ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پوری دنیا میں اپنی روایات کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے ، نوجوان اپنی ثقافت منانے میں وقت گزار رہے ہیں۔ مریم نواز نے نوجوانوں کوانتشار کی بجائے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس دیئے ہیں۔ پی ٹی آئی نے اس ملک اور پختونخوا کے عوام کو انتشار اور نفرت کے سوا کچھ نہیں دیا ،پوری قوم نے انہیں بتادیا کہ ہمیں نفرت اور انتشار نہیں بلکہ اپنی ثقافت اور محبت چاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں