ہائیکورٹس کے ججز کیخلاف شکایات سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس کل طلب
لاہور(محمداشفاق)ہائیکورٹس کے ججز کے خلاف مس کنڈکٹ کی شکایات کے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی نے سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس کل 11 فروری کو طلب کرلیا۔
ہائیکورٹس کے ججز کے خلاف کسی بھی شہری کو کوئی شکایات ہو تو وہ سپریم جوڈیشل کونسل میں قانون کے مطابق شکایات درج کرواسکتا ہے اس حوالے سے سپریم جوڈیشل کونسل میں ہائیکورٹس کے متعدد ججز کے خلاف شکایات زیر التوا ہیں جن پر ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے ۔ان شکایات کا جائزہ لینے کیلئے چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی کی زیر صدارت 11 فروری کو ہونے والے سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان ، سپریم کورٹ کے سینئر ترین ججز ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سردار سرفراز ڈوگر شریک ہوں گے۔