غیر معیاری سلنڈرز کا جرمانہ ڈیڑھ کروڑ، سزا 14 سال کرنیکی تجویز

 غیر معیاری سلنڈرز کا جرمانہ ڈیڑھ کروڑ، سزا 14 سال کرنیکی تجویز

چیئرمین کمیٹی نے رولز میں ترامیم کی تجاویز 15 دن میں پیش کرنے کی ہدایت کردی قائمہ کمیٹی نے ورچوئل اثاثہ جات بل کے جائزہ کیلئے مشترکہ اجلاس بلانے کی منظوری دی

اسلام آباد (سید قیصر شاہ)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر رانا محمود الحسن کی صدارت میں ہوا جس میں ملک بھر میں بڑھتے ہوئے غیر معیاری گیس سلنڈرز کے حادثات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ سینیٹر وقار مہدی نے بتایا کہ صرف پنجاب میں 500سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ حیدرآباد میں ایک حادثے میں 50 سے زائد شہری جاں بحق ہوئے۔ اوگرا نے تجویز دی کہ غیر معیاری گیس سلنڈر پر جرمانہ ڈیڑھ کروڑ روپے اور سزا 14 سال تک کی جائے جبکہ متاثرہ افراد کو معاوضہ بھی دیا جائے ۔

چیئرمین کمیٹی نے رولز میں ترامیم کی تجاویز 15 دن میں پیش کرنے کی ہدایت کی اور ضلعی سطح پر مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کرنے کی سفارش کی گئی۔اجلاس میں دیگر اہم موضوعات جیسے ورچوئل اثاثہ جات بل 2025 اور پرنسپل اکاؤنٹنگ افسران کی تقرری پر بھی مختصر غور کیا گیا۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ بل کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے سینیٹ کمیٹی برائے خزانہ کے ساتھ مشترکہ اجلاس بلایا جائے ۔اجلاس میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن، چیئرمین اوگرا اور دیگر سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں