شہباز شریف سے انڈونیشیا کے وزیر سرمایہ کاری کی ملاقات،جامع اقتصادی شراکت داری پر اتفاق

شہباز شریف سے انڈونیشیا کے وزیر سرمایہ کاری کی ملاقات،جامع اقتصادی شراکت داری پر اتفاق

ساورن ویلتھ فنڈ کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے :وزیراعظم ، اسحاق ڈار سے بھی ملاقات، کمبوڈین وزیر تجارت بھی ملے رقمی اسلامک بینک کو ڈیجیٹل لائسنس کا اجرا،پاک کویت تعاون کا عزم،شہباز شریف کا غزہ پیس بورڈ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے انڈونیشیا کے وزیر سرمایہ کاری نے ملاقاتیں کیں، جن میں دونوں ممالک نے 2027 تک ترجیحی تجارتی معاہدے کو جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سی ای پی اے ) میں تبدیل کرنے کے لیے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم شہباز شریف سے انڈونیشیا کے وزیر سرمایہ کاری و ڈاؤن اسٹریم انڈسٹری اور انڈونیشیا کے ساورن ویلتھ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر روسن روئیسلانی کی قیادت میں پانچ رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، انڈونیشیا کے ساتھ معاشی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتا ہے اور ساورن ویلتھ فنڈ کے حوالے سے انڈونیشیا کے تجربات سے فائدہ اٹھانے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے ۔قبل ازیں روسن روئیسلانی نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے وفود کی سطح پر ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون کے فروغ، باہمی مفاد کے منصوبوں، بہترین طریقہ کار کے تبادلے اور صحت سمیت ترجیحی شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ادھر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے کمبوڈیا کے وزیر تجارت چام نیمول نے بھی ملاقات کی۔ فریقین نے پاکستان-کمبوڈیا جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کے دائرہ کار میں تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے رقمی اسلامک بینک کو ڈیجیٹل لائسنس کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کویت کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رقمی اسلامک بینک کو ڈیجیٹل لائسنس کا اجرا پاک کویت تعلقات اور پاکستان کے بینکاری شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے چیئرمین رقمی بورڈ عبداللہ المطیری کو لائسنس جاری کیا۔ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ پیس بورڈ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ بھی کر لیا ہے ۔ وہ امریکی صدر کے عشائیے میں بھی شریک ہوں گے ۔ باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعظم 18 سے 21 فروری تک واشنگٹن میں قیام کریں گے ، 19 فروری کو غزہ پیس بورڈ اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ 20 فروری کو امریکی صدر سے ملاقات متوقع ہے ، جس میں عسکری قیادت کی شرکت بھی متوقع ہے ۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 13 سے 15 فروری تک جرمنی کا دورہ کریں گے جہاں وہ میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے بعد واشنگٹن روانہ ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں