بلوچستان کو درپیش چیلنجز میں پنجاب کے وسائل حاضر:مریم نواز:صوبائی فورسز کیلئے10ارب معاونت کا اعلان

بلوچستان  کو  درپیش چیلنجز  میں  پنجاب  کے  وسائل  حاضر:مریم  نواز:صوبائی  فورسز  کیلئے10ارب  معاونت کا اعلان

گورنربلوچستان،ہم منصب ، وزراء سمیت دیگر سے ملاقاتیں ، دہشت گردی کا خاتمہ قومی یکجہتی سے ممکن:وزیراعلیٰ پنجاب پنجاب بڑا بھائی ، فورسز کیلئے معاونت مثبت اقدام :سرفرازبگٹی،نواز شریف اور مریم نواز سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

کوئٹہ ،لاہور (سٹاف رپورٹر ،دنیا نیوز،اے پی پی )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ایک روزہ سرکاری دورہ پر کوئٹہ پہنچیں جہاں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ان کا پرتپاک استقبال کیاگیا،مریم نواز نے وفد کے ہمراہ گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل، ہم منصب سرفراز بگٹی ، صوبائی کابینہ اور اتحادی جماعتوں کے اراکین سے ملاقاتیں ،ایف سی ہیڈکوارٹرمیں منعقدہ تقریب میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کوئٹہ میں دوران گفتگو بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں ، پنجاب حکومت ہر مشکل گھڑی میں بلوچستان کے ساتھ کھڑی ہے ،دہشت گردی کا خاتمہ قومی یکجہتی اور باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے ،خوشی ہے بحیثیت وزیر اعلیٰ میرا پہلا دورہ بلوچستان کا ہے ،بلوچستان کیلئے پنجاب کے وسائل اور خدمات حاضر ہیں ۔

مریم نواز نے کہا کہ بلوچستان کو فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن میں اور دیگر حکومتی چیلنجز کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے ،امید ہے بلوچستان سے جلد دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا اور یہ صوبہ امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنے گا۔بطور پاکستانی، وزیراعلیٰ پنجاب اور ایک بہن کے طور پر پنجاب، بلوچستان کو ہر ممکن تعاون، وسائل اور سپورٹ فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ،بلوچستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے استقامت کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز کے دورے کا ذکر کرتے کہا کہ ایف سی کا عزم قابلِ تحسین ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی فورسز کیلئے 10ارب روپے کی معاونت کااعلان کیا۔

میر سرفراز احمد بگٹی نے مریم نواز شریف کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پنجاب ہمارا بڑا بھائی ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز کا دورہ اس بھائی چارے کی عملی مثال ہے ، فورسز کیلئے دس ارب روپے کی معاونت مثبت اور قابل تحسین اقدام ہے ۔ گورنر جعفر مندوخیل نے کہا کہ بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی فوری ضرورت ہے ،کوئٹہ کا دورہ کرنے پر وزیراعلیٰ کے مشکور ہیں۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے کوئٹہ میں شیخ محمد بن النہیان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا جہاں انہیں صوبائی وزیر صحت بخت کاکڑ نے بریفنگ دی۔ دوسری طرف مسلم لیگ (ن)کے صدر نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب سے برٹش ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ جین میریٹ نے نواز شریف کی پاکستان کیلئے گرانقدر خدمات کو سراہا اوروزیر اعلیٰ کے جاری منصوبوں کو قابل تحسین قرار دیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں