اسلام آبادہائیکورٹ، 506ارب مالیت کے ٹیکس مقدمات کافیصلہ
زیرِ حراست ملزمان کوبذریعہ ویڈیو لنک پیشی کی اجازت:سالانہ کارکردگی رپورٹ
اسلام آباد (رضوان قاضی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے ، جس کے مطابق یکم اپریل 2025 سے 4 فروری 2026 تک خصوصی ٹیکس بینچز نے مجموعی طور پر 788 مقدمات کا فیصلہ کیا۔ ان مقدمات کی مجموعی مالیت 506 ارب 13 کروڑ 7 لاکھ 37 ہزار 494 روپے بنتی ہے ۔جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل بینچ نے 306 مقدمات کا فیصلہ کیا جبکہ جسٹس بابر ستار اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے 304 مقدمات نمٹائے ۔ اسی طرح جسٹس اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس نے 178 مقدمات کا فیصلہ کیا ۔ سال 2025 کے دوران عدالت عالیہ میں 3 ہزار سے زائد ضمانت درخواستیں نمٹائی گئیں ۔ انفرادی کارکردگی کے حوالے سے جسٹس انعام امین منہاس نے 2 ہزار 176 مقدمات نمٹائے جبکہ جسٹس اعظم خان نے ایک ہزار 977 مقدمات کا فیصلہ کیا۔ جسٹس محمد آصف نے ایک ہزار 495 مقدمات نمٹائے ۔علاوہ ازیں زیرِ حراست ملزمان کو ریمانڈ اور دیگر غیر مؤثر کارروائیوں میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کی اجازت دے دی گئی ہے ۔