سولر پالیسی سورج کی روشنی پر ٹیکس کے مترادف:تحریک انصاف
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف نے حکومت کی نئی سولر پالیسی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ‘‘سورج کی روشنی’’ پر ٹیکس لگانے کے مترادف قرار دیا ہے ۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی سولر پالیسی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ یہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان پر معاشی بوجھ ڈالنے میں مہارت رکھتی ہے ۔ تجزیاتی رپورٹس کے مطابق اس پالیسی کے نتیجے میں عوام پر تقریباً 250 ارب روپے کا اضافی مالی دباؤ پڑے گا۔، جس کا بوجھ بالآخر عام صارفین ہی اٹھائیں گے ۔ تحریک انصاف اس عوام دشمن پالیسی کی شدید مذمت کرتی ہے ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت ایک طرف سولر بجلی کو کم نرخ پر خریدنے کی تیاری کر رہی ہے ، جبکہ دوسری طرف وہی بجلی عوام کو کئی گنا زیادہ قیمت پر فروخت کی جائے گی۔تحریک انصاف کے مطابق سولر صارفین کو بددل کر کے انہیں دوبارہ مہنگے گرڈ سسٹم پر انحصار کرنے پر مجبور کرنا دراصل توانائی کی خودمختاری کے خواب کو سبوتاژ کرنا ہے ۔