سینیٹ : بانی کی صحت پر احتجاج ،سپریم کورٹ جائیں:حکومت
پی ٹی آئی سینیٹرزاپنی نشستوں پرکھڑے ہوگئے ،شدید بدنظمی،وقفہ سوالات معطل مجرمانہ غفلت کی گئی،بانی پی ٹی آئی کو اسپیشلسٹ کو نہیں دکھایا گیا، علامہ ناصرعباس
اسلام آباد (نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے بانی کی بینائی کا معاملہ سینیٹ میں اٹھاتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کردیاجبکہ ایوان میں پاکستان شہریت (ترمیمی)بل 2026 اور اخباری ملازمین شرائطِ ملازمت ترمیمی بل 2026منظور کرلیاگیا۔ سینیٹ اجلاس پریذائیڈنگ افسر سینیٹر وقار مہدی کی زیرِ صدارت ہوا، پی ٹی ارکان نے بانی پی ٹی آئی کی صحت پر بات نہ کرنے کی اجازت دینے پر احتجاج کیا،قائد حز ب اختلاف سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا مسئلہ ہے ،جیل سپرنٹنڈنٹ نے بروقت توجہ نہیں دی۔بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی پچاسی فی صد بینائی ضائع ہو گئی ہے ،مجرمانہ غفلت کی گئی، بانی پی ٹی آئی کو سپیشلسٹ کو نہیں دکھایا گیا، کب تک سیاستدان آپس میں لڑتے رہیں گے ۔فوری طور پر بانی پی ٹی آئی کی مرضی کے مطابق علاج کرایا جائے۔
ڈاکٹر مظہر اسحاق اور ڈاکٹر عامر سے چیک اپ کرایا جائے ۔بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تحقیقات کی جائے ،اس کاذمہ دارکون ہے ۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا بات طے یہ ہوئی تھی کہ اپوزیشن لیڈر بات کریں گے تو رانا ثناء اللہ جواب دیں گے ،بات ہو گئی ہے ایجنڈا آگے بڑھایا جائے ۔پی ٹی آئی ارکان کا احتجاج جاری رہا جس کی وجہ سے وقفہ سوالات معطل کر دیا گیا۔ سپریم کورٹ نے سلمان صفدر اور جیل سپرٹنڈنٹ کی رپورٹ کو دیکھ کر حکومت کو ہدایت کی کہ پی ٹی آئی وکلا کے ساتھ جو معاملات طے ہوئے اس پر عمل کریں، اپوزیشن اس معاملے پر سیاست نہ کرے ۔ سینیٹر ناصر بٹ نے کہا پی ٹی آئی سینیٹرز نے اپنے ساتھ بانی پی ٹی آئی کی تصویریں لگا رکھی ہیں ان تصویروں کو یہاں سے ہٹایا جائے ، ہم اگر تصویریں لے کر آئے تو پھر آپ کو تکلیف ہوگی۔ پریذائیڈنگ افسر نے بانی پی ٹی آئی کی تصاویر ہٹانے کی ہدایت کردی۔پے در پے جملے بازی سے ایوان میں شدید بدنظمی ہوئی، اعظم نذیر تارڑ نے کہااگر ایسا ہی چلتا رہا تو ہم ایوان کی کارروائی معطل کردیں گے ۔ا۔بعدازاں سینیٹ کا اجلاس آج صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔