گل پلازہ کو دوبارہ تعمیر کرکے دم لینگے

گل پلازہ کو دوبارہ تعمیر کرکے دم لینگے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گل پلازہ کو دوبارہ تعمیر کرکے دم لیں گے، صدر زرداری کی ہدایت ہے متاثرین کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کراچی چیمبر میں سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے متاثرین کی ہرصورت بحالی کا عزم کیا ہے ، صدر آصف زرداری کی ہدایت ہے متاثرین کو اپنے پیروں پرکھڑا کیا جائے ، ہماری کوشش ہے جلد سے جلد متاثر ین کو بحال کریں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ لوگوں نے اپنے پیارے کھوئے ، ناقابل تلافی نقصان کاسامنا کیا، سندھ حکومت آگے بڑھ کر تمام متاثرین کو تھام رہی ہے ،وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ کراچی چیمبرکی تصدیق کاعمل کل تک مکمل ہوجائیگا، تصدیق شدہ فہرست منظور کرکے 5 دن سے پہلے فنڈز جاری کروں گا ۔وزیراعلیٰ نے کمشنر کراچی سے دکانداروں کی تصدیق شدہ فہرست بھی طلب کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں آج ہی اس کی سمری منظور کردوں گا، معاوضے کے چیک 5 دن میں متاثرین کو مل جائیں گے ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ باقی5-5 لاکھ کے چیکس اور شہدا کی فیملیز کی کفالت کے چیکس جاری ہو چکے ہیں، کراچی شہر میں 200 فائر ٹینڈر ہونے چاہئیں لیکن کم ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے ایک سال کے اندر 200 فائر ٹینڈر کا بندوبست کر لیں، تاجر برادری بھی اپنی ذمہ داری نبھائے ، کاروبار کے مقامات کو محفوظ بنائے، گل پلازہ میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے محنت کشوں کا بھی خیال رکھا جائے۔ادھر گل پلازہ میں آتشزدگی سے متعلق کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کی رپورٹ مراد علی شاہ کو پیش کر دی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں