توشہ خانہ ٹوکیس ،عمران خان اور اہلیہ کی درخواست ضمانت دائر
190 ملین پاؤنڈ کیس میں اپیل جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی متفرق درخواست پانچ اکتوبر کو توڑ پھوڑ کے مقدمہ میں علیمہ خانم کی ضمانت میں 13 مارچ تک توسیع
اسلام آباد،لاہور(اپنے نامہ نگار سے ،کورٹ رپورٹر ،رضوان قاضی)بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری ٰبی بی کی توشہ خانہ ٹو(بلغاری سیٹ )کیس میں ضمانت کی درخواست دائرکردی گئی جبکہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اپیل جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی متفرق درخواست بھی دائر کی گئی ہے ۔ درخواست میں اپیل پر حتمی فیصلے تک بانی پی ٹی آئی کی سزا معطل کر کے انہیں رہا کرنے کی استدعاکرتے ہوئے موقف اختیار کیاگیا کہ بانی پی ٹی آئی کی دائیں آنکھ میں خون کا لوتھڑا بننے کی وجہ سے نظر شدید متاثر ہوئی اور بینائی صرف 15 فیصد رہ گئی ہے ۔پمز ہسپتال کے ڈاکٹر محمد عارف کی رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا علاج جیل کی حدود میں ممکن نہیں ،بانی پی ٹی آئی کی عمر 73 سال ہے اور مسلسل قید ان کی صحت کیلئے سنگین خطرہ بن سکتی ہے ۔
متفرق درخواست میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطل کرنے کا کیس جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی۔دوسری طرف لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج منظر علی گل نے پانچ اکتوبر کو سڑک بلاک اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں علیمہ خانم کی عبوری ضمانت میں 13 مارچ تک توسیع کردی اور آئندہ سماعت پر ریکارڈ طلب کر لیا ۔علیمہ خان نے گزشتہ روز عدالت کے روبرو پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی ۔بیرسٹر سلمان صفدرنے اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چوتھی مرتبہ اپیلیں فائل کی ہیں، رمضان المبارک میں عدالتیں زیادہ تر ضمانتیں ہی سنتی ہیں۔ان کاکہناتھاکہ گزشتہ ایک سال سے کوئی درخواست سماعت کے لئے نہیں لگی،چیف جسٹس سے ملاقاتیں کیں، رجسٹرار کو درخواست کی،اب ہم نے میڈیکل گراؤنڈز کی روشنی میں درخواستیں دائر کی ہیں اوردرخواستیں اگلے ہفتے سماعت کے لئے مقرر کرنے کی درخواست کی ہے ،کیسز کھوکھلے اوربے بنیاد ہیں۔