سیرین ائیر کیخلاف حوالہ / ہنڈی تحقیقات، ایف آئی اے نے کال اپ نوٹس جاری کردیا

سیرین ائیر کیخلاف حوالہ / ہنڈی تحقیقات، ایف آئی اے نے کال اپ نوٹس جاری کردیا

انکوائری میں مالی معاملات، بیرونی لین دین کا جائزہ ،ہدایات کے باوجود مطلوبہ دستاویزات جمع نہیں کرائی گئیں مکمل ریکارڈ کیساتھ آج پیشی یقینی بنائی جائے ،تعمیل نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی:ایف آئی اے

اسلام آباد(دنیا رپورٹ)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) کے کمرشل بینکس سرکل اسلام آباد نے سیرین ایئر (پرائیویٹ)لمیٹڈ کے مشتبہ مالی لین دین اور مبینہ حوالہ/ہنڈی کاروبار سے متعلق تحقیقات کے سلسلے میں باقاعدہ کال اپ نوٹس جاری کر دیا ہے ۔ یہ کارروائی انکوائری نمبر 20/2026 کے تحت کی جا رہی ہے ، جس میں ایف آئی اے نے کمپنی کے مالی معاملات، بینکنگ ریکارڈ اور بیرونی لین دین کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق اس تحقیقات میں نامزد فریق ظفر الحسن اس سے قبل ایف آئی اے کے سامنے پیش ہو چکے ہیں اور انہوں نے بیان ریکارڈ کرانے اور متعلقہ ریکارڈ فراہم کرنے کے لیے مہلت طلب کی تھی، تاہم واضح ہدایات کے باوجود مطلوبہ دستاویزات اب تک جمع نہیں کرائی گئیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات سیرین ایئر (پرائیویٹ)لمیٹڈ کے مالی معاملات اور ممکنہ غیر قانونی سرگرمیوں، بشمول حوالہ اور ہنڈی کے کاروبار کے تناظر میں کی جا رہی ہیں۔ نوٹس میں ایف آئی اے نے کمپنی اور متعلقہ افراد سے ایس ای سی پی سے کمپنی کی رجسٹریشن کی تفصیلات، 2023 سے 2025 تک کے مالی بیانات، گزشتہ پانچ برسوں کے ایف بی آر ٹیکس گوشوارے ، سعادت علی کے ساتھ قرض کے معاہدے ، مسٹر یانگ کے نام جاری کردہ قرض یا بینک چیک کی نقل، 2023 سے تاحال کمپنی و ذاتی بینک اکاؤنٹس کی مکمل اسٹیٹمنٹس طلب کی ہیں۔ ایف آئی اے نے ہدایت کی ہے کہ تمام مطلوبہ ریکارڈ آج 17 فروری 2026 تک جمع کرایا جائے اور صبح 11 بجے ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل اسلام آباد میں مکمل ریکارڈ کے ساتھ پیشی یقینی بنائی جائے ۔ نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ اور وقت پر تعمیل نہ کرنے کی صورت میں قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں