مری :مشکوک شخص گر فتار مریم نواز کی سکیورٹی مزید سخت
لاہور (اپنے نامہ نگار سے ) مری میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اجلاس سے قبل سکیورٹی میں مبینہ غفلت کا واقعہ سامنے آیا ہے ، جہاں ایک مشکوک شخص بیگ سمیت اجلاس کے مقام تک پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق مشکوک شخص اجلاس شروع ہونے سے پہلے کمرے میں موجود پایا گیا، جس پر سکیورٹی ادارے فوری طور پر متحرک ہوگئے ۔ سپیشل برانچ کے اہلکار اسے تحویل میں لے کر اپنے ساتھ لے گئے ۔ واقعے کے بعد اعلیٰ حکام نے نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ کی سکیورٹی انتظامات پر نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے ۔ڈی پی او مری ڈاکٹر رضا تنویر نے بتایا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مشکوک شخص کو حراست میں لے لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ ان کے مطابق زیرِ حراست شخص کا تعلق لاہور سے ہے اور اس کا نام محمود بتایا جاتا ہے ۔ واقعے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کا سکیورٹی پروٹوکول مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، اعلیٰ سطحی انکوائری شروع کر دی گئی ہے جبکہ ممکنہ کوتاہی کے ذمہ دار اہلکاروں کی نشاندہی کا عمل بھی جاری ہے ۔