عمران موقف سے ہٹنے پر تیار نہیں

عمران موقف سے ہٹنے پر تیار نہیں

لاہور(این این آئی) قانون دان فیصل چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان سے متعلق ڈیل کی خبریں اوور ریٹڈ ہیں، اگر کوئی ڈیل کرنی ہوتی تو 3سال پہلے کی جا سکتی تھی، موجودہ حالات میں ایسا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔

جذباتی فیصلوں اور غیر مربوط احتجاجی سیاست سے نتائج حاصل نہیں ہوتے ،اگر قیادت خود منظم نہ ہو تو کارکن متحرک نہیں ہوتے ۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ ڈیل کے لئے بنیادی شرط ضمانت ہوتی ہے تاہم عمران خان اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔جیل کاٹنے ، اہلیہ اور خاندان کیلئے مشکلات برداشت کرنے اور انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد یوٹرن لینا سیاسی طور پر نقصان دہ ہو سکتا ہے ۔ان کاکہناتھاکہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش ہے ،صحت کے معاملے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہئے اور اگر ضرورت ہو تو انہیں ہسپتال منتقل کیا جانا چاہئے ۔ فیصل چودھری نے پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے اندر واضح حکمت عملی نظر نہیں آتی، مختلف رہنماؤں کے بیانات میں تضاد اور دھڑے بندی نے پارٹی کو نقصان پہنچایا ہے جس کا براہ راست اثر عمران خان پر پڑ رہا ہے ۔ قانونی ٹیم سے متعلق سوال پر فیصل چودھری نے کہا کہ چند وکلا کور ٹیم میں شامل ہیں جبکہ باقی زیادہ تر سیاسی وکلا ہیں۔ عمران خان کے خلاف مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں اور ان کی قانونی بنیاد کمزور ہے تاہم عدالتوں میں درخواستیں التوا ء کا شکار ہیں جس سے انصاف کے عمل پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں