ٹریفک حادثات میں 10افراد جاں بحق، 23زخمی
لاہور،کالاشاہ کاکو، ننکانہ صاحب،قصور(کرائم رپورٹر،نامہ نگاران، تحصیل رپورٹر، خبرنگار)لاہور کے علاقہ شاہدرہ،نارووال روڈ، شاہکوٹ اور قصور میں مختلف ٹریفک حادثات میں 10افراد جاں بحق، 23 زخمی ہوگئے ۔
تفصیل کے مطابق نارووال روڈ پر کوٹ عبداللہ کے قریب ٹرک کی کیری ڈبے کو ٹکر کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کی دو جواں لڑکیوں اور چار ماہ کی بچی سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے ۔حادثے میں 20 سالہ کومل اور رابعہ ،35 سالہ سرور اور 4 ماہ کی بچی مریم موقع پر چل بسی۔ 42 سالہ عاصمہ بی بی، 27 سالہ زرقا بی بی ،1 سالہ حرم فاطمہ،2 سالہ زعیم، 23 سالہ آمنہ اور نامعلوم شخص شدید زخمی ہوئے ۔ادھر شاہدرہ کے علاقے سگیاں پل کے قریب تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ مرنے والوں میں رضا اور احمد علی شامل ہیں۔ ننکانہ
صاحب میں مختلف ٹریفک حادثات کے دوران 3افراد جاں بحق جبکہ3 طالبات، خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ شاہکوٹ میں سانگلہ ہل روڈ پر ٹوانہ چک کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 50 سالہ غلام رسول جاں بحق ہو گیا۔ ایک اور حادثہ شاہکوٹ میں ہی ننکانہ صاحب روڈ پر برالہ گاؤں کے قریب پیش آیا جہاں دو تیز رفتار کوسٹروں میں تصادم کے نتیجے میں 3 خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے ۔اسی روڈ پر 7 چک سینی بار سٹاپ کے قریب بس اور رکشہ کے تصادم میں 35 سالہ ذیشان جاں بحق جبکہ 50 سالہ اکبر علی زخمی ہو گیا۔واربرٹن روڈ ٹبی کڑیالی سٹاپ کے قریب تیز رفتار کار اور رکشہ میں تصادم کے نتیجے میں 70 سالہ حاجی منور جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے ۔قصورکے علاقہ پاور پلانٹ روڈ چونیاں کے قریب موٹر سائیکل بجلی کے کھمبے سے ٹکراجانے سے 40 سالہ شہروز موقع پر جاں بحق جبکہ اس کا بھائی اسد اور کزن شرافت شدید زخمی ہو گئے ۔