ایپسٹین سکینڈل :بادشاہ چارلس کا بھائی اینڈ ریو گرفتار،کو ئی قانون سے اوپر نہیں : برطانوی وزیر اعظم
شاہی خاندان کے فرد کی گرفتاری غیر معمولی واقعہ، "قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا" کنگ چارلس کا بیان سابق شہزادے کی 66ویں سالگرہ حوالات میں، ایپسٹین سے رپورٹس شیئر کرنیکا الزام،رہا کر دیا گیا گزشتہ سال اینڈریو سے شاہی اعزاز چھینا گیا، پرتعیش گھر سے نکال کر دیہات بھیجا
لندن (اے ایف پی) برطانیہ کے سابق شہزادے اور بادشاہ چارلس کے بھائی اینڈریو کو گرفتار کر لیا گیا اور اس کے ساتھ ہی پولیس نے جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے متعلق دستاویزات کی بنیاد پر ان کے خلاف الزامات کی تحقیقات تیز کر دی ہیں۔ برطانیہ کے جدید دور میں شاہی خاندان کے کسی رکن کی گرفتاری غیر معمولی ہے ۔ چند گھنٹوں کے اندر، کنگ چارلس سوم نے ایک ذاتی دستخط شدہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔اینڈریو، جو کبھی نجی جہازوں میں دنیا بھر کا سفر کرتا، شاہانہ ہوٹلوں اور محلوں میں قیام کرتا، جمعرات کو اپنے 66ویں سالگرہ کے دن غالباً پولیس کی ایک حوالات میں وقت گزار رہا تھا۔ ان کی گرفتاری ایسے وقت میں آئی ہے جب گزشتہ ہفتے نئے انکشافات سامنے آئے تھے کہ اینڈریو نے مبینہ طور پر جیفری ایپسٹین کے ساتھ ویتنام، ہانگ کانگ، شینزین اور سنگاپور کے بارے میں رپورٹس شیئر کیں، جو ان ممالک کے سرکاری دورے کے بعد تیار کی گئی تھیں۔ چند ماہ بعد ایپسٹین کے کاروباری ساتھیوں کو ان معلومات کی بنیاد پر سرمایہ کاری کے مواقع بھی فراہم کیے گئے ۔
گزشتہ سال، کنگ چارلس سوم نے اس وقت اینڈریو کو شاہی منصب سے الگ کر کے اسٹیٹ کے پرتعیش گھر سے نکال کر ایک دور افتادہ دیہاتی گوشے میں بھیج دیا تھا، جب ایپسٹین کی ایک مدعی ورجینیا جیوفری نے اپنی بعد از مرگ یادداشتوں میں تفصیل سے دعویٰ کیا کہ وہ نابالغ ہونے کے دوران اینڈریو کے ساتھ جنسی تعلقات کے لیے لے جائے گئی تھی۔ جیوفری، جو امریکی اور آسٹریلوی شہریت رکھتی تھی، نے پچھلے سال اپریل میں مغربی آسٹریلیا میں اپنے فارم پر خودکشی کر لی تھی۔اینڈریو کی گرفتاری کی خبر سامنے آنے سے قبل، وزیرِ اعظم کیئر سٹارمر نے کہا تھا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے ۔ کیئر اسٹارمر نے اشارہ دیا کہ اینڈریو کو ایپسٹین سے تعلقات کے بارے میں امریکی کانگریس کے سامنے گواہی دینی چاہیے ۔رائٹرز کے مطابق جمعرات کی شام پولیس نے اینڈریو کو حراست سے رہا کر دیا۔بادشاہ چارلس نے کہا قانون کو اپنا راستہ اختیار کرنا چاہیے ،پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ اینڈریو نے کسی بھی غلط کام سے انکار کیا ہے ۔پولیس کا کہنا تھا کہ تحقیقات جاری ہیں ۔