قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا 6.35 ارب بجٹ، 3 ارب خرچ

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا 6.35 ارب بجٹ، 3 ارب خرچ

اعزازی تنخواہوں کی مد میں 28 کروڑ،کھانے پر 13 کروڑ 6 لاکھ روپے خرچ ہوئے سیشن الاؤنس پر26 کروڑ 80 لاکھ ،غیر ملکی وفود کی مہمان نوازی پر 4 کروڑ صرف

 اسلام آباد (نیوز رپورٹر) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے رواں مالی سال 2025-26 کے پہلے سات ماہ میں 6ارب 35کروڑ 88لاکھ روپے کے بجٹ میں سے 2ارب 98کروڑ 65لاکھ روپے خرچ کیے۔ دستاویزات کے مطابق افسران و ملازمین کو اعزازی تنخواہوں کی مد میں 28 کروڑ روپے سے زائد ادا کیے گئے جبکہ کھانے پر 13 کروڑ 6 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔  پارلیمنٹ ہاؤس، صدر اور وزیراعظم الاؤنسز سمیت مختلف مدات میں مجموعی طور پر 39 کروڑ 84 لاکھ روپے اور سیشن الاؤنس کی مد میں 26 کروڑ 80 لاکھ روپے دیے گئے۔

اسی عرصے میں اعزازیے کی مد میں 28 کروڑ 19 لاکھ روپے تقسیم کیے گئے ۔ اراکین و افسران کے غیر ملکی دوروں پر 10 کروڑ 54 لاکھ روپے خرچ ہوئے جبکہ پاکستان آنے والے غیر ملکی وفود کی مہمان نوازی پر 4 کروڑ روپے سے زائد صرف ہوئے ۔مزید برآں افسران کے تربیتی کورسز کی فیس پر 63 لاکھ 41 ہزار روپے خرچ کیے گئے ۔ گھروں کے کرائے کی مد میں 18 کروڑ 96 لاکھ روپے ، میڈیکل چارجز پر 2 کروڑ 8 لاکھ روپے اور میڈیکل بلوں کی واپسی کے لیے 56 لاکھ 93 ہزار روپے ادا کیے گئے ۔ ٹیلیفون، ٹرنک کالز، کمپیوٹر سٹیشنری اور دیگر سٹور آئٹمز پر 29 لاکھ 67 ہزار روپے خرچ ہوئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں